شارجہ: ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے جانے والے میچ میں کیوی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کے لیے 135 رنز کا ہدف دیا۔
کپتان کین ولیمسن 25 رنز پر حسن علی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، ڈیرل مچل 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اوپنر مارٹن گپٹل کو 17 رنز پر حارث رؤف نے چلتا کیا، جمی نیشم ایک رن بنا کر محمد حفیظ کا شکار بنے، ڈیون کونوے 24 اور گلین فلپس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عماد وسیم، محمد حفیظ اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
پاکستان نے وننگ کمبینیشن کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جب کہ کیوی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فرگوسن فائنل الیون کا حصہ نہیں ہیں۔