بھارتی میڈیا پاکستان کرکٹ ٹیم کے مذہبی لگا ؤکا معترف

ممبئی:قومی کھلاڑیوں کے مذہبی رجحان کے ناصرف گرین شرٹس کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن معترف ہیں بلکہ بھارتی میڈیا پر بھی اس کے خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

بھارتی ٹی وی کے میزبان نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل کے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے وطن اور مذہب کو سب سے آگے رکھا اور یہ کام وہ ہمیشہ سے کرتے آئے ہیں۔

چاہے معاملہ پاکستان کا ہو، چاہے کشمیر یا معاملہ اسلام کا ہو، وہ کھل کر  اسلام کی بات کرتے ہیں اور وہ اس کی پرواہ بھی نہیں کرتے کہ کون کیا کہے گا۔

بھارتی میزبان نے محمد رضوان کی تصاویر دکھاتے ہوئے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ کے دوران جب ڈرنکس بریک ہوا تو پاکستانی بلے باز محمد رضوان میدان پر ہی نماز پڑھنے لگے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف میچ کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے ہر سوال کا جواب اللہ کا نام لیکر ہی شروع کیا۔

اس کے بعد بھارتی ٹی وی پر محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کی پریس کانفرنس کے چند کلپس بھی دکھائے گئے۔

بھارتی ٹی وی میزبان نے آخر میں یہ بھی بتایا کہ پاکستان کا ہر کھلاڑی سب سے پہلے یہ بتاتا ہے کہ وہ ایک سچا مسلمان ہے، پھر وہ یہ بتاتا ہے کہ وہ ایک سچا پاکستانی ہے اور اگر ضرورت پڑتی ہے تو پاکستانی کھلاڑی کشمیر کے معاملے پر بھی کھل کر بولتے ہیں۔