سردیوں میں کورونا کی پانچویں لہر آنے کے امکانات

کراچی:وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان  نے کہا ہے کہ سردیوں میں کورونا کی پانچویں لہر آنے کے امکانات ہیں  عوام سے اپیل ہے کہ ویکسین لگوائیں، ماسک کا استعمال کریں، ہجوم والی جگہوں پر جانے سے احتیاط کریں۔ 

اس سال پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس سامنے آیا ہے۔ دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ اتنا ہونا چاہیے جس سے ناجائزمنافع نہ ہو۔دواؤں کی قیمت مناسب ہونی چاہیے۔

وہ پیر کو کراچی میں  سی ڈی ایل لیب کی افتتاحی تقریب اور پاکستان سوسائٹی فار ایورنئس اینڈ کمیونٹی امپاورمنٹ کے زیر اہتمام سیمینار سے  خطاب کررہے تھے۔

ڈاکٹرفیصل سلطان نے کہا کہ ماحولیاتی جانچ میں بھی پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا، پاکستان میں رواں برس پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔میں تمام پولیو ورکرز کو اس کام پر سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جن صوبوں کے پاس ٹیچنگ ہسپتال نہیں انہیں ہسپتال بنانے کی شرط لگائی ہے، میڈیکل کالج کھلنے پرچھ سال کا فعال ہسپتال کھولنے کی شرط  بھی لگائی گئی۔

انہوں نے ادویات کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ بطور ریگولیٹر ایک ذمہ داری بنتی ہے، حکومت ادویات کی قیمتوں کے ساتھ اس کی فراہمی کا معاملہ بھی دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ میں جتنی نشستیں تھیں اس سے کئی زیادہ تعداد میں بچے پاس ہوئے ہیں، 20 ہزار سیٹوں کے لئے 68 ہزار بچے کامیاب ہوئے۔

 ڈاکٹرفیصل سلطان نے کہا سرکاری ادارے کی ٹیسٹنگ لیب اس معیار کی بنی ہے کہ اسے آپ اعلی معیار کا سمجھیں گے حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ عوام کو دی جانے والی سروسز کو یقینی بنائے۔حکومت اور عوام کے درمیان بہتر صحت کی ہولیات دینے کا وعدہ ہوتا ہے۔

آئندہ آنے والے سالوں میں یہ معیار اور بلند ہوگا۔جب تک قابل، تعلیم یافتہ لوگ موجود ہیں یہ لیبارٹری اپنا کام جاری رکھے گی۔حکومت کا وعدہ ہے کہ ہم افرادی قوت انہیں فراہم کریں گے۔پاکستان میں جو دوا بن رہی ہے وہ اس معیار کی بنائیں گے کہ آپ آنکھ بند کرکے اسے کھائیں گے۔