کراچی:فضائی آلودگی انسانی صحت کے لئے عالمی سطح پر سب سے بڑا مسئلہ بن گیا۔
فضا میں موجود مضر ذرات انسانوں کو مختلف بیماریوں کا شکار کرنے لگے، اس وقت دنیا کے بڑے شہر فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔
امریکی ایئر کوالٹی انڈیکس کی جاری کردہ فہرست میں لاہور اور کراچی بھی شامل ہے۔
امریکی ایئر کوالٹی انڈیکس کی جاری کردہ فہرست میں پنجاب کا دارالحکومت لاہور دنیا میں دوسرے نمبر پر جبکہ معاشی حب کراچی کا تیسرا نمبر ہے۔ آلودگی کے لحاظ سے بھارتی شہر دلی پہلے نمبر پر ہے۔
ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور راولپنڈی سمیت پاکستان کے دوسرے شہر بھی فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں۔
اسموگ کی صورتحال کے پیش نظر حکومت پاکستان نے فصلیں جلانے، کچرا، صنعتی اور گاڑیوں کے دھویں کے اخراج کے ذریعے فضا اور ماحول میں آلودگی کا باعث بننے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا اور فصلوں کی باقیات کچرا جلانے پر پابندی عائد کر دی۔ مگر صورتحال اس کے برعکس ہے۔
منچن آباد اور قائد آباد میں فصلوں کی باقیات جلانے کا سلسلہ روکا نہیں جا سکا، جس کے باعث اسموگ اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسموگ کے باعث لوگ آنکھوں، گلے، سانس، ٹی بی اور جلد کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
صورتحال کو کنٹرول نہ کیا گیا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔