ملک بھر میں 15 نومبر سے خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
خسرہ او روبیلا سے بچاؤ کی قومی مہم 27 نومبر تک جاری رہے گی جس دوران 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
خسرہ زیادہ تر گرم ممالک میں موسم بہار کے دورانیے میں کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کو اپنی لپیٹ میں لیتا ہے، یہ بیماری بخار سے شروع ہوتی ہے، اس وائرس کے شکار ہونے کے بعد ابتدائی علامات میں آنکھوں سے پانی بہنا، آنکھوں کا سرخ ہو جانا، ناک میں خارش، سر درد، کمر درد، کھانسی اور گلے میں درد ہونا شامل ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق خسرے کی علامات میں چہرے، گردن، بازوؤں اور جسم کی بیرونی جِلد کا سرخ ہونا اور چھوٹے چھوٹے بے تحاشا دانوں کا بننا شامل ہے۔
اس وائرس کا شکار ہونے کے بعد قبض کی شکایت، بھوک کا ختم ہو جانا، بے چینی محسوس ہونا، غنودگی اور بے ہوشی کی سی کیفیت کا ہونا بھی عام بات ہے۔