ملک میں پہلے اومی کرون کیس کی باقاعدہ تصدیق ہوگئی

قومی ادارہ صحت کی جانب سے کراچی میں رپورٹ ہونے والے مشتبہ اومیکرون کیس کی باقاعدہ تصدیق کردی گئی۔

این آئی ایچ کے مطابق اومیکرون کی تصدیق جینوم سیکوینسنگ مکمل ہونے کے بعد کی گئی، اومیکرون وائرس کا یہ پہلا تصدیق شدہ کیس ہے، اس کے رجحانات کی شناخت کے لیے مشتبہ نمونوں کی مسلسل نگرانی کی جاری ہے۔
قومی ادارہ صحت نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام این سی او سی کی جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔
ذرائع کے مطابق، کچھ روز قبل  اومی کرون کا پہلا  مشتبہ کیس 65 سالہ خاتون میں کراچی کے ایک نجی اسپتال میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد اب جینوم سیکونسنگ کےذریعے  ان میں اومی کرون وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ متاثرہ خاتون کےرابطے میں آنے والے 51 افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق، متاثرہ خاتون کورونا پازیٹو تھیں  جنہیں کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد  نجی اسپتال سے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔