سال 2021ء

سال2021ء کا سورج اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ غروب ہوگیا۔سال 2022ء کا سورج طلوع ہوا ہے خداکرے کہ نیا سال تمام اقوام عالم خصوصاً عالم اسلام کے لئے امن و آشتی اور ترقی و خوشحالی کا پیغام ثابت ہو۔ سال 2021ء کے دوران پاکستان کی بہت سی قدآور اور اپنے شعبوں میں مشہور شخصیات ہم سے جدا ہوگئیں۔ پاکستان کے نامور سائنسدان اور ملک کو جوہری قوت بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان 85 سال کی عمر میں ہم سے بچھڑ گئے۔جدوجہد آزادی کشمیر کے سرخیل اوربزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے بھی داعی اجل کو لبیک کہہ دیا۔کشمیر کی آزادی کی تحریک شروع کرنے کی پاداش میں انہیں بھارتی حکومت نے 20سال تک قید تنہائی میں رکھا۔ گذشتہ سال بچھڑنے والوں میں سابق صدرممنون حسین بھی شامل ہیں ملک کے نامور کامیڈین عمر شریف بھی اپنے کروڑوں مداحوں کوسوگوار چھوڑ گئے،داغ مفارقت دینے والوں میں ماضی کے یادگار مزاحیہ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ دردانہ بٹ،شہرہ آفاق ڈرامہ نویس اور مکالمہ نگارحسینہ معین، نامور مزاح نگار فاروق قیصرعرف انکل سرگم،پاکستان کی پہلی ٹی وی میزبان کنول نصیر،معروف ٹی وی اداکارہ خورشیدشاہد، معروف اداکارہ سنبل شاہد،ممتاز فن کارہ نائلہ جعفری، اداکار انور اقبال،موسیقارفرہاد ہمایوں، ممتازدانشور وکالم نگار اجمل نیازی، سابق گورنر سندھ ممتاز علی بھٹو،سینئرسیاست دان مشاہد اللہ خان،دنیائے ہاکی کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی نوید عالم، ممتاز نقاد اور ماہر تعلیم گل مراد حسرت بھی شامل ہیں۔سال 2020ء کی طرح 2021ء میں بھی کورونا وباء کی ستم سامانیاں جاری رہیں۔ بھارت میں تباہی مچانے والے وائرس ڈیلٹا اور نئے کورونا وائرس اومیکرون نے دنیا کو خوف و ہراس میں مبتلا کئے رکھا۔ تیزی سے پھیلنے والے اس وائرس کی وجہ سے برطانیہ سمیت کئی ممالک دوبارہ لاک ڈاؤن پر مجبور ہوگئے۔ اقوام عالم کے درمیان تجارتی سرگرمیاں محدود ہوگئیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مہنگائی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ بین الاقوامی سطح پر سال 2021ء کے دوران اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے رات کی تاریکی میں اپنی فوجیں کابل سے نکال لیں۔ طالبان نے چند دنوں کے اندر بغیر کسی مزاحمت کے افغانستان پر قبضہ کرکے اپنی حکومت قائم کی۔ بھارت کو چین کے ساتھ سرحدی تنازعات میں پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔ دنیا کی بہترین کرکٹ ٹیم قرار دئیے جانے والی بھارتی ٹیم کو عالمی کپ میں پاکستان کے ہاتھوں دس وکٹوں سے عبرت ناک شکست کے بعد وہ پہلے ہی راؤنڈمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔بھارت کو فضائی حادثے میں اپنے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت سے محروم ہونا پڑا۔ سال 2021پاکستان کے لئے زیادہ پریشان کن نہیں رہا۔ سیاسی طور پر ملک میں حالت معمول پر رہے۔ کھیلوں کی دنیا میں پاکستان نے 2021ء کے دوران کئی اہم ریکارڈاپنے نام کئے۔خیبر پختونخوا کے سترہ میدانی اضلاع میں دو سال کے تعطل کے بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ہوا۔ مشہور شاعر امیرگل کا کہناہے کہ کل کا دن آج سے بہتر تھا اور آنے والے کل سے آج کا دن بہتر ہوگا۔تاہم ہمیں توقع ہے کہ نیاسال پاکستان کے لئے خوشیوں کی نوید لائے گا۔