قسمت کا دھنی شخص گیا چاکلیٹ خریدنے،بن گیا کروڑ پتی

ورجینیا میں ایک امریکی شخص کی اس وقت حیرت اور خوشی کی انتہا نہ رہی جب وہ اپنے بچوں کے لیے چاکلیٹ لینے ایک چھوٹے اسٹور میں گیا اور اتفاقا" وہاں لاٹری کارڈ خرید کراس سے دس لاکھ ڈالر یعنی 17 کروڑ پاکستانی روپے جیت گیا۔ 

نارتھ چیسٹر فیلڈ کے ڈینس وِلوبی چاکلیٹ اور دودھ لے کر اسٹور سے باہر آرہے تھے کہ انہوں نے ایک اسکریچ لاٹری کارڈ خریدا۔ انہوں نے کارڈ کو وہیں کریدا اور نمبر ملائے تو وہ پلاٹینم لاٹری جیت چکے تھے۔ واضح رہے کہ پلاٹینم انعام سب سے بڑا ہوتا ہے۔

ورجینیا لاٹری کے ترجمان کے مطابق ڈینس نے یہ ٹکٹ سیون الیون نامی اسٹور سے خریدا تھا یعنی وہ چاکلیٹ لینے گئے تھے اور کروڑ پتی بن کر واپس آئے۔ واضح رہے کہ اس ماہ لاٹری کے 16 لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے اور اس طرح کسی شخص کے پلاٹینم انعام جیتنے کا امکان بہت ہی کم ہوتا ہے۔

لاٹری جیتنے والے سے کہا گیا ہے کہ اگر پوری رقم ایک ساتھ لیتے ہیں تو ٹیکس کٹنے کے بعد وہ 6 لاکھ 40 ہزار ڈالر لے سکتے ہیں۔ اگر وہ ٹیکس سے بچنا چاہتے ہیں تو یہ رقم انہیں 30 برس میں ہر ماہ یا سال کے حساب سے ادا کی جاسکتی ہے۔ تاہم ڈینس ٹیکس کٹنے کے بعد یکمشت رقم لینا چاہیں گے۔