حبا بخاری کے ساتھ جہاز میں پیش آیا ایک دلچسپ واقعہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ حبا بخاری نے حال ہی میں اپنے ساتھ پیش آئے ایک دلچسپ واقعے سے متعلق بتایا ہے۔

کچھ روز قبل حبا بخاری نے ایک ویب شو میں شرکت کی جس میں ان سے شو کے میزبان نے سوال کیا کہ کبھی آپ کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کسی نے آپ کی تعریف کی ہو اور آپ کو شرمندگی ہوئی ہو۔

اداکارہ نے بتایا کہ کچھ روز قبل میں اداکارہ و میزبان عفت عمر کے ہمراہ جہاز میں سفر کر رہی تھی کہ ایک خاتون ڈاکٹر نے مجھے دیکھا اور  کہا تم حبا بخاری ہو نہ، تمہاری آنکھیں بہت خوبصورت ہیں، ان ہی سے تمہیں پہچانا۔

حبا نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ خاتون نے زور سے کہا کہ تم بہت پیاری ہو بس تھوڑا سا وزن کم کرلو گی تو آفت لگو گی، اس وقت جہاز میں موجود تمام لوگ یہ سن رہے تھے، بعدازاں خاتون نے یہ بھی کہا کہ آپ کو برا تو نہیں لگا جس پر میں نے جواب دیا کہ نہیں۔

اداکارہ حبا بخاری نے حال ہی میں نشر ہونے والے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بھی اپنے وزن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامہ سیریز 'فطور' میں میرا وزن بڑھ گیا تھا اور لوگ میرے وزن پر باتیں کرتے تھے۔

حبا بخاری کا کہنا تھا کہ مجھے کافی زیادہ ڈپریشن ہوگیا تھا جس کی وجہ سے میں نے اور زیادہ کھانا شروع کردیاتھا، بعدازاں میرا وزن کم ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں گاڑی کے بارے میں کافی زیادہ معلومات ہیں، اس میں کچھ خرابی ہوجائے تو وہ مکینک کے پاس خود ہی جاتی ہیں۔

فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اداکارہ نے بتایا کہ تاحال انہیں ان کی مرضی کا اسکرپٹ آفر نہیں ہوا، کچھ فلموں میں ہیرو کی بہن کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔