سانتا باربرا: امریکی سائنسدانوں نے ایک سادہ کٹ بنائی ہے جس پر لعاب کا نمونہ رکھ کر اسمارٹ فون پر کورونا ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے۔
یہ عام پی سی آر ٹیسٹ کے مقابلے میں دس درجے کم قیمت، تیزرفتار اور بہت آسان بھی ہے۔
سانتا باربرا میں واقع یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے مطابق یہ ٹیکنالوجی ٹیسٹ کٹ اور ایپ پر مشتمل ہے جو حساسیت کی بنا پر پی سی آر ٹیسٹ کے برابر ہے۔
اسے 25 منٹ لعاب ٹیسٹ کا نام دیا گیا ہے جسے گھر پر بھی انجام دیا جاسکتا ہے۔ اس میں ایک گتے کا چھوٹا ڈبہ ، ایک گرم پلیٹ اور ایک چھوٹی ایل ای ڈی لائٹ نصب ہے جس کی کل قیمت 100 ڈالر ہے۔
اس ٹیسٹ کے کیمیکل وغیرہ بھی بہت سستے ہیں۔
کووڈ کے لیے اسمارٹ فون تھوک ٹیسٹ کی روداد جرنل آف امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کے اوپن جرنل میں شائع ہوئی ہے۔
اسے دنیا بھر میں پھیلتی وبا اور ٹیسٹ کی ضروریات کے تحت بنایا گیا ہے۔ اسمارٹ فون کی ہرجگہ موجودگی کٹ کے استعمال کو ممکن بناتی ہے۔
اس پورے عمل کو سائنس کی زبان میں’ لوپ میڈیئٹڈ آئسوتھرمل ایمپلی فکیشن ( ایل اے ایم پی) کا نام دیا گیا ہے۔
اس میں تھوک میں موجود وائرس کے آر این اے کو بڑھا کر مخصوص جین تلاش کئے جاتے ہیں اوراچھی بات یہ ہے کہ ایپ مفت میں دستیاب ہے۔
اسمارٹ کٹ صرف 25 منٹ میں نتائج فراہم کرکے کورونا ہونے یا نہ ہونے کے متعلق آگاہ کرتی ہے۔