نادیہ خان اور شرمیلا فاروقی نے ایک دوسرے کو ہرجانے کے نوٹسز بھجوادیئے

معروف اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے رکنِ سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔

نادیہ خان نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ میرے وکیل کی جانب سے شرمیلا فاروقی کو ایک خاتون کے خلاف توہین آمیز تبصرے کے استعمال پر ہتک عزت کے لیے 50 کروڑ ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجا جا رہا ہے۔

نادیہ خان نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ کاش یہ کسی بے سہارا بچے یا ضرورت مند خاتون کی مدد کر دیتیں تو بھی میڈیا اور ہماری توجہ حاصل کر لیتیں۔

دوسری جانب شرمیلا فاروقی نے بھی نادیہ خان کو 50 ملین ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے جس کی تصدیق انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے کی ہے۔

واضح رہے کہ ایک تقریب کے دوران نادیہ خان نے شرمیلا کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ ایک ویڈیو بنائی تھی جس میں انہوں نے ان کے میک اپ سے متعلق سوالات کیے تھے۔

شرمیلا فاروقی کو نادیہ خان کا انداز پسند نہ آیا جس کے بعد انہوں نے نادیہ کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا تھا۔