ایف آئی اے کو حریم شاہ کیخلاف کارروائی سے روک دیا گیا

کراچی:سندھ ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو ٹک ٹاکر حریم شاہ کے خلاف کارروائی سے روک دیاہے۔

حریم شاہ کے شوہر بلال شاہ نے سندھ ہائی کورٹ سے ایف آئی اے کے خلاف اسٹے آرڈر لے لیا۔

عدالت نے بلال شاہ کی درخواست پر حریم شاہ کو لندن سے واپسی تک عدالت آنے سے استثنیٰ دے دیا۔

بلال شاہ کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کرائی گئی کہ حریم شاہ لندن سے واپس وطن پہنچتے ہی انکوائری میں شامل ہو جائیں گی۔

 ایف آئی اے کے نوٹس کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اپنایاگیا کہ برطانیہ میں ہوں، واپسی پر گرفتاری کا اندیشہ ہے ایف آئی اے نے بینک اکاؤنٹس منجمدکرنے کیلئے بھی رابطہ کیا، پی ٹی اے نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کی کارروائی کی۔

درخواست گزار کے مطابق اکاؤنٹس میں مختلف اسپانسر کمپنیوں سے ادائیگی ہوتی ہے ایف آئی اے اقدامات سے معاشی اوربنیادی حقوق متاثرہوئے، ایف آئی اے نے غیرملکی کرنسی کے ساتھ وائرل ویڈیوپر نوٹس دیا، ویڈیو کلپ پر پہلے ہی معذرت کرچکی ہوں۔

عدالت نے درخواست گزار کا ابتدائی موقف سننے کے بعد ایف آئی اے کو حریم شاہ کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔سندھ ہائی کورٹ میں حریم شاہ کیس کی آئندہ سماعت مارچ کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے حریم شاہ کو منی لانڈرنگ سے متعلق ویڈیو پر 19 جنوری کو طلب کیا گیا تھا۔