دو ہفتوں میں ساڑھے تین کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کی مہم شروع

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے شہریوں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے ملک میں موبائل ویکسین مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں این سی او سی اجلاس کے بعد کورونا وائرس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ اگر اجتماعی طور پر دیکھا جائے تو ظاہر ہوتا ہے کہ وہ علاقے یا شہر جہاں ویکسینیٹڈ افراد کی تعداد زیادہ ہے وہاں کورونا وائرس کی پانچویں لہر نے کم تباہی مچائی۔

انہوں نے شہریوں کو ویکسین لگوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ این سی او سی ویکسین مہم کو تیز کرنے کے لیے موبائل ویکسین کا آغاز کر رہی ہے، جس کے ذریعے 55 ہزار سے زائد موبائل ٹیمیں گھر گھر جاکر شہریوں کو ویکسین لگائیں گی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس مہم دو ہفتے تک جاری رہے گی اس دوران ساڑھے 3 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جائے گی اور یہ ایک بڑا ہدف ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ وہ افراد جو ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہیں، یہ ٹیمز ان کو بھی دوسری خوراک لگائیں گی۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ افراد جنہوں نے اب تک ویکسین نہیں لگوائی ہے، جلد از جلد ویکسین لگوائیں، اور جو افراد مکمل ویکسی نیشن کروا چکے وہ بوسٹر شاٹ لازمی لگوائیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ویکسین کے آغاز کو ایک سال ہوچکا ہے اور دو سال قبل شروع ہونے والی اس بیماری سے جان چھڑوانے کا سب سے آسان طریقہ ویکسین ہے۔

انہوں نے کہاکہ ویکسین بیماری کے پھیلاؤ بچا رہی ہیں، اور موجودہ حالات کے مطابق ہم ہدایت کر رہے ہیں کہ وہ افراد جو مکمل ویکسی نیشن کرواچکے بوسٹر شارٹ لازمی لگوائیں۔