برصغیر کی بلبل دنیا کو خیرباد کہہ گئیں

بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر 92 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد دنیا کو خیرباد کہہ گئیں۔ گلوکارہ کے انتقال پر شوبز انڈسٹری گہرے سوگ میں ہے، پاکستان و بھارت سمیت متعدد فنکار اور دیگر شعبہ جات سے منسلک افراد سروں کی ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی لتا منگیشکر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ 'لتا منگیشکر کا انتقال موسیقی کے ایک عہد کا خاتمہ ہے، لتا جی نے عشروں تک سُر کی دنیا پر حکومت کی اور ان کی آواز کا جادو رہتی دنیا تک رہے گا'۔ فواد چوہدری نے لکھا کہ 'جہاں جہاں اردو بولی اور سمجھی جاتی ہے وہاں لتا منگیشکر کو الوداع کہنے والوں کا ہجوم ہے'۔

بشریٰ انصاری نے بھی لتا منگیشر کے اعزاز میں انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی اور ان کے گانے 'یہ دل تم بن لگتا نہیں ہم کیا کریں' کے بول لکھے۔ ساتھ ہی بشریٰ انصاری نے کہا کہ 'آپ سے ملنے کی خواہش ہی رہ گئی لتا جی'۔

واضح رہے کہ 1929 میں پیدا ہونے والی 92 سالہ گلوکارہ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 9 جنوری کو ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ تادم مرگ زیر علاج رہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لتا منگیشکرکے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ کئی ہفتوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔  لتا منگیشکرکےانتقال پر بھارت میں دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے اور لتا منگیشکرکی یاد میں بھارتی پرچم بھی دو دن تک سرنگوں رہے گا۔