آدتیہ پنچولی کی فلمساز کو قتل کی دھمکی، مقدمہ درج

بالی وڈ اداکار آدتیہ پنچولی کے خلاف مبینہ طور پر  بیٹے سورج پنچولی کے ساتھ فلم نہ بنانے پر فلم ساز کو  پیٹنے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے پر  ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز سیم فرنینڈس نے آدتیہ پنچولی کے خلاف توہین، دھمکیاں دینے اور یہاں تک کہ مار پیٹ کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے جوہو پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج  کرائی ہے۔

 رپورٹس کے مطابق فلم ساز نے دعویٰ کیا ہے کہ میرا آدتیہ کے ساتھ ایک فلم کو لے کر جھگڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے  مجھے مارا پیٹا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔

سیم فرنینڈس آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کے ساتھ فلم بنانا چاہتے تھے —فوٹو: فائل 

واضح رہے کہ سیم فرنینڈس آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی کے ساتھ فلم بنانا چاہتے تھے، تاہم فلم کے پروڈیوسر سیم نے 2 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جبکہ آدتیہ نے بھی 50 لاکھ روپے  فلم بنانے کیلئے دیے لیکن فلم بنانے کیلئے یہ رقم بہت کم تھی اور کوئی دوسرا فلم بنانے کیلئے پیسے نہیں دے رہا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جب سیم نے آدتیہ کو بتایا کہ کوئی بھی فلم میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں ہے  تو انہوں نے فلمساز کو ایک ہوٹل میں بلایا، جہاں انہوں نے اسے گالی گلوچ کے ساتھ دھمکی دی اور کہا کہ تمہیں میرے بیٹے کے ساتھ فلم بنانا ہوگی، ورنہ میں تمہیں مار دوں گا۔

درج ایف آئی آر کے بارے میں بات کرتے ہوئے  ڈی سی پی نے کہا کہ  فی الحال  واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ آدتیہ پنچولی ایک بار  پہلے بھی 2005 میں اپنے ایک کاروباری ساتھی پر غصے میں آکر حملہ کرنے کی وجہ سے خود کو مشکل میں ڈال چکے  ہیں، انہیں ممبئی کی عدالت نے ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔