'توبہ کرکے جو سکون ملا وہ ناقابل بیان ہے' بھارتی اداکارہ کا شوبز چھوڑنے کا اعلان

بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان سے متاثر ہوکر  بھارتی  ٹی وی شخصیت نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 11 میں شامل ہونے والی مہ جبیں  صدیقی نے حال ہی میں انسٹاگرام پر طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا۔

مہ جبیں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں 2 سال سے پریشان تھی کہ ایسا کیا کروں جس سے سکون مل جائے، میں نے محسوس کیا کہ اپنی اصل زندگی کو بھولا کر دکھاوے کی زندگی جی رہی تھی۔

ان کا کہنا تھاکہ اللہ کی نافرمانی کرکے انسان کو کبھی سکون نہیں مل سکا، لوگوں کو خوش کرنے کے لیے کچھ بھی کرلیا جائے لیکن لوگ آپ کی قدر نہیں کرتے اس سے بہتر ہے کہ آپ اپنے وقت کو اللہ کو خوش کرنے میں لگائیں۔

بگ باس کنٹسٹنٹ نے لکھا کہ میں ثناء خان کو ایک سال سے فولو کررہی ہوں، ان کی باتیں اچھی لگتی تھیں، انہیں دیکھ کر دل میں بیان سننے کا شوق جاگا۔

مہ جبیں نے مزید لکھا کہ اللہ سے توبہ کرکے جو سکون ملا وہ میں الفاظ میں بیان نہیں کرسکتی، جو سکون ڈھونڈ رہی تھی وہ اللہ کی عبادت میں ملا،  میں اب ہمیشہ حجاب میں رہوں گی۔