سینئر اداکار مسعود اختر انتقال کرگئے

ملک کے معروف اور سینئر اداکار مسعود اختر طویل علالت کے بعد 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ  گزشتہ ایک ماہ سے لاہور کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

خاندانی ذرائع نے مسعود اختر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسعود اختر میں  پھیپڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ  گزشتہ ایک ماہ سے لاہور کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مسعود اختر کی نماز جنازہ عثمان پارک گلشن راوی میں ادا کی جائے گی۔

مسعود اختر 5 ستمبرمیں 1940 میں ساہوال میں پیداہوئے جبکہ 1960  کی دہائی میں اسٹیج سے فنکارانہ زندگی کا آغاز کیا اور اپنی بہترین اداکاری کی بدولت مختصر وقت کے بعد اسٹیج کے مشہور اداروں میں شمار کئے جانے لگے جبکہ پاکستانی ٹیلیویژن کے لئے ان کی خدمات کسی تعرف کی محتاج نہیں انہوں نے کئی لازوال ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ساتھ ہی کئی فلموں میں بطور ولن یعنی منفی کردار ادا کئے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی فنی خدمات کی بدولت 14 اگست 2005 کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازاگیا۔