سوناکشی سنہا کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری

بالی وڈ کے سینئر اداکار  اور سیاستدان شتروگھن سنہا کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا کے ناقابلِ وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے 2019 میں مبینہ طور پر ایک ایونٹ آرگنائزر سے دہلی میں ہونے والے ایونٹ کا 37 لاکھ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا لیکن پھر اس ایونٹ میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ آرگنائزر پرمود شرما مراد آباد کا رہائشی ہے جس نے ایک تقریب منعقد کی اور سوناکشی سنہا کو 'مہمان خصوصی' کے طور پر مدعو کیا، پرمود کا کہنا ہے کہ اس نے سوناکشی کو 37 لاکھ روپے ایڈوانس دیے۔ تاہم اداکارہ تقریب میں شرکت نہ کر سکیں جس کے بعد پرمود نے ان سے اپنی رقم واپس مانگی۔

ایونٹ آرگنائزر نے الزام عائد کیا کہ اداکارہ کی منیجر نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا، سوناکشی سے بارہا رابطہ کرنے کے بعد بھی کام نہیں بنا تو انہوں نے اداکارہ کے خلاف دھوکہ دہی کا کیس درج کروایا۔

بتایا جارہا ہے کہ سوناکشی سنہا کیس درج ہونے کے بعد مبینہ طور پر مراد آباد آئیں اور اپنا بیان ریکارڈ کروایا، اس کے بعد اداکارہ منظر سے غائب ہیں اور عدالت کے بلانے پر بھی نہیں آئیں جس کے بعد مقامی عدالت نے اداکارہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔