مادھوری نے اپنے ماضی سے پردہ اٹھا دیا

بالی وڈ سپر اسٹار مادھوری ڈکشت نے ماضی میں خود پر ہونے والی تنقید اور نامناسب جملوں کے حوالے سے انکشاف کیا ہے۔

حال ہی میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر 'دی فیم گیم' سے ڈیبیو کرنے والی مادھوری کا شمار بالی وڈ کی صفِ اول اور کامیاب ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے فلم انڈسٹری کو لاتعداد سپر ہٹ فلمیں دیں۔

ایک انٹرویو میں مادھوری نے بتایا کہ وہ وقت انہیں اب تک یاد ہے جب لوگ انہیں ہیروئن ماننے کو تیار نہ تھے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ لوگ کہا کرتے تھے کہ میں ہیروئن جیسی نہیں دکھتی، مجھ میں ویسی کوئی بات نہیں ہے۔

مادھوری نے مزید بتایا کہ کیرئیر کے آغاز میں مجھے کافی مشکلات کا سامنا ہوا، میری عمر اور ظاہری شخصیت کی وجہ سے لوگ کہتے تھے کہ تم بہت چھوٹی ہو اسی لیے ہیروئن نہیں لگتیں، لوگ افسانوی باتیں کرتے ہیں اور خود سے ہی اخذ کرلیتے ہیں کہ ہیروئن کیسی ہونی چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری والدہ خاصی باہمت خاتون تھیں جو ہمیشہ کہتی تھیں کہ بیٹا تم محنت کرو اور اچھا کام کرو، لوگ خود بخود تمہیں پہچانیں گے، جب بھی کامیابی ملی لوگ دیگر سب خامیاں یا چیزیں فراموش کردیں گے۔

مادھوری نے کہا کہ میں نے والدہ کی تمام باتیں ذہن میں بٹھا لیں اور جیسا وہ کہتیں، میں ویسا ہی کرتی رہی۔

واضح رہے کہ مادھوری ڈکشت نے 1984 میں فلم 'ابودھ' سے بالی وڈ میں ڈیبیو کیا تھا جنہیں 1988 میں ریلیز کی جانے والی فلم 'تیزاب' سے شہرت ملی۔