فلم سالار کے ایک سین پر 20کروڑ روپے خرچ ہوگئے

  فلم باہو بلی سے شہرت پانے والے تیلگو اداکار پربھاس کی نئی فلم کا ایک ایکشن سین 20 کروڑ روپے میں شوٹ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جنوبی بھارت کے مقبول ترین اسٹار پربھاس کی اگلی فلم سالار اپنے بے مثال ایکشن مناظر کی وجہ سے پہلے ہی ہیڈ لائنز کی زینت بنی ہوئی ہے۔

پرشانت نیل کی تحریر کردہ اور انہی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں پربھاس کے مد مقابل شروتی ہاسن مرکزی کردار میں ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فلم کا ایک منظر سمندر میں پیچھا کرنے اور لڑائی کا ہے اور افواہوں کے مطابق، فلم کی پروڈکشن ٹیم نے اس ایک ایکشن سین پر تقریباً 20 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔

فلم کے سیکوئل کے بارے میں بھی افواہیں ہیں کہ ایمازون اور نیٹفلکس فلم کے ڈیجیٹل حقوق حاصل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

ان پلیٹ فارمز نے سالار کی پروڈکشن ٹیم کو فلم کے حقوق کے لیے 200 کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے۔

سالار کا باضابطہ طور پر 2020 میں اعلان کیا گیا تھا، یہ فلم کنڑ فلم انڈسٹری میں پربھاس کا ڈیبیو ہوگی۔

فلم کی موسیقی روی بسرور نے ترتیب دی ہے جبکہ اس کی سینماٹو گرافی کا کام بھون گوڑا کو سونپا گیا ہے۔

باہو بلی اداکار کو مبینہ طور پر سالار کے لیے 100 کروڑ روپے کی فیس مل رہی ہے جبکہ انہیں فلم کی کمائی کا 10 فیصد حصہ بھی ملے گا۔