ڈپریشن میں کمی کیلیے جرمنی میں سائنسدانوں نے انسانی احساس والا تکیہ بنالیا ہے جو مصنوعی سانس لیتا ہے اور اسے گلے لگانے سے سکون ملتا ہے۔
موجودہ دور جو انتہائی ترقی یافتہ ہونے کے ساتھ اپنے ساتھ کئی مسائل بھی لایا ہے اور انہی مسائل کا شکار ہوکر دنیا کی بڑی آبادی ڈپریشن جیسے مرض کا شکار ہے اور یوں کہہ لیں کہ ڈپریشن، گھبراہٹ اور بے چینی ہماری روزمرہ کی زندگی کا حصہ بن گئی ہے جس کے تدارک کیلیے اکثریت تو دوا استعمال کرتی ہے۔
لیکن خوشخبری ہے کہ سائنسدانوں نے انسانی احساس والا ایک ایسا تکیہ بنایا ہے جو مصنوعی طور پر سانس لیتا ہے اور اس سے گلے مل کر انسان ایک سکون کی سی کیفیت محسوس کرتا ہے، کچھ عرصہ قبل بھارت کی ایک فلم میں جادو کی جھپی کا بہت ذکر ہوا تھا کہ ہیرو جادو کی جھپی کے نام پر ہر کسی کو گلے لگا کر اسے خوشی فراہم کرتا تھا تو اسی خصوصیت کی بنا پر اس تکیے کو جادو کی جھپی والا تکیہ کہا جاسکتا ہے۔
حیرت انگیز تکیے کو جرمنی کی سارلینڈ یونیورسٹی کے ایلیس ہائنز نے سائنسی اصولوں پر تیار کیا ہے جو عین انسانی پھیپھڑے کی طرح کام کرتا ہے اور اس کو بنانے کا مقصد بھی کسی دوا کے بغیر اکتاہٹ اور بے چینی کو دور کرنا ہے۔
اس تکیے میں خاص پمپ، سرکٹ اور موٹریں لگی ہوئی ہیں اور ان کی وجہ سے تکیے کے اندر کی ساخت سکڑتی اور پھیلتی ہے جس کا احساس تکیہ لگانے والا اپنے سینے اور دھڑ پر محسوس کرسکتا ہے۔ ریاضیاتی طور پر تیار تکیہ خود آپ کو سانس کی مشق اور مراقبے میں مدد دیتا ہے۔
سائنسدانوں نے اسے بنانے کے بعد 129 ان افراد پر آزمایا جو کسی نہ کسی درجے کی اینزائٹی کا شکار تھے۔ ان میں سے 45 افراد سے کہا گیا کہ وہ صرف 8 منٹ تک تکیے کو سینے سے لگائیں اور اسے محسوس کریں، دوسری جانب 40 افراد کو آواز کے ذریعے رہنما مراقبہ کرایا گیا جب کہ 44 افراد نے کچھ نہیں کیا۔ ان میں سے ان سے سوالنامے بھروائے گئے اور پھر ایک ریاضیاتی ٹیسٹ بھی لیا گیا، تجربات سے قبل اور بعد میں سوالنامے سے ان افراد میں بے چینی کی سطح کو ناپا گیا۔
اس تجربے کے جونتائج آئے ان کے مطابق جن افراد نے تکیے کو گلے لگایا اور جن لوگوں نے مراقبہ کیا تھا ان دونوں گروپوں نے بے چینی میں کچھ کمی کا اعتراف کیا لیکن جن 44 افراد سے کچھ نہیں کرایا گیا انہوں نے بے چینی میں مزید اضافے کا اعتراف کیا۔
ان اعداد وشمار سے ماہرین نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ تکیہ تھراپی عین مراقبے کی طرح ہی موثرہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ تکیہ لاشعوری طور پر سانس لینے کے عمل کو کسی مراقبے کی طرح ہموار اور باقاعدہ بناتا ہے جس سے دماغ اور نظام انہضام کو سکون ملتا ہے۔
جادو کی جھپی جیسی خصوصیت رکھنے والے اس تکیے کی کل لمبائی 36 سینٹی میٹر ہے