اپنی دونوں سابقہ بیویوں کو معمولی سمجھا، عامر خان کا اعتراف

بالی وڈکے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے حال ہی میں اپنی دوسری اہلیہ کرن راؤ سے طلاق پر وضاحت پیش کی ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عامر خان نے سابقہ اہلیہ کرن راؤ سے اپنے رشتے پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ کرن اور میں ایک فیملی ہیں لیکن ہماری ازدواجی زندگی کچھ مسائل کا شکار تھی، اسی لیے ہم نے ایک دوسرے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

عامر خان کا  کہنا تھا کہ ہم اب بھی ساتھ کام کررہے ہیں اور ایک دوسرے کے لیے ہمیشہ کھڑے رہتے ہیں، ہمارے تعلق کو ہمارے علاوہ کوئی دوسرا سمجھ نہیں سکتا، کرن کو ہمیشہ سے میری ذہنیت اور شخصیت کافی متاثر کن لگتی رہی ہے۔

اداکار نے کرن راؤ سے طلاق کے بعد ان کی زندگی میں آنے والی خاتون سے متعلق افواہوں پر کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے، نہ ہی کرن کے ہوتے ہوئے میری زندگی میں دوسری خاتون تھیں، نہ ہی اب میں کسی کے ساتھ ہوں۔

دورانِ انٹرویو مسٹر پرفیکشنسٹ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے اپنی دونوں بیویوں رینا دتا اور کرن راؤ کو معمولی سمجھا، اپنا کیرئیر بنانے کی وجہ سے فیملی کو وقت نہیں دیا۔

عامر خان نے کہا کہ میں نے اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے نہیں نبھائیں، 18 سال کی عمر میں جب میں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تو اس وقت مجھ پر اپنا نام بنانے کی دھن سوار تھی، اسی وجہ سے میں اپنے والدین سمیت فیملی کو وقت نہیں دے سکا جس کا آج مجھے شدت سے افسوس ہوتا ہے۔