شاہ رخ خان کااپنی اسٹریمنگ سروس شروع کرنے کا اعلان

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے ’ایس کے آر پلس‘ کے نام سے اپنی اسٹریمنگ سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف بھارتی اداکار شاہ رخ خان آن لائن پلیٹ فارم ’او ٹی ٹی ایپ‘ پر ایس کے آر پلس کے نام سے اپنی اسٹریمنگ سروس شروع کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے اپنی نئی ایپ کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور لکھا ’او ٹی ٹی کی دنیا میں کچھ ہونے والا ہے‘۔ یہ جان کر کنگ خان کے پرستار تجسس کا شکار ہوگئے کہ آخر کیا ہونے جارہا ہے۔

اداکار نے اپنی ایپ کے بارے میں تفصیلات تاحال نہیں بتائیں، اسی سبب ان کے مداح مکمل معلومات جاننے کے لیے بےتاب ہیں اور انہیں بے صبری سے انتظار ہے کہ شاہ رخ خان کیا کرنے جارہے ہیں۔

بالی ووڈ کے سلو میاں نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر شاہ رخ خان کو اس اقدام پر مبارک باد دی اور کہا کہ ‘آج کی پارٹی میری طرف سے’۔

دوسری جانب فلم ساز انوراگ کشپ نے بتایا کہ ایس آر کے پلس میں ان کا بھی اشتراک ہوگا۔ ہدایت کار کرن جوہر کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کا او ٹی ٹی ایپ لانچ کرنا سال کی سب سے بڑی خبر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کنگ خان کا یہ اقدام او ٹی ٹی کا چہرہ بدل کر رکھ دے گا، ہمیں ایس کے آر پلس کا انتظار ہے۔