مسوڑھوں سے خون آنا ایک معمولی بیماری سمجھا جاتا ہے لیکن یہ کسی سنگین بیماری کی طرف اشارہ بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق مسوڑھوں سے خون آنے کی وجہ سخت ٹوتھ برش کا استعامل یا کوئی سخت چیز کھانا بھی ہوسکتا ہے لیکن اگر یہ صورتحال اگر مسلسل رہے تو پھر اس کا علاج کرانا ضروری ہوجاتا ہے۔
ایک غیرملکی ٹی وی پروگرام میں بتایا گیا کہ اگر برش تبدیل کرنے یا صحت سے جڑے دیگر اقدامات کرنے سے بھی مسوڑھوں سے خون نکلنا بند نہ ہو تو بغیر کسی تاخیر کے ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے کیونکہ مسوڑھوں سے خون نکلنا لوکیمیا یا بلڈ کینسر کی علامت بھی ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کرونک لوکیمیا کی ابتدائی علامات اس قدر معمولی ہوسکتی ہیں کہ شاید نظرانداز ہوجائیں لیکن جو افراد بلڈ کینسر کی ’ایکیوٹ مائیلائڈ لوکیمیا‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں ان کے مسوڑھوں میں سوجن پیدا ہوجاتی ہے اور برش کرنے سے بھی خون نکلتا ہے۔
ایکیوٹ مائیلائڈ لوکیمیا اتنی تیزی سے بڑھتا ہے کہ اس کا شکار افراد میں غیرمعمولی علامات ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہیں لیکن بلڈ کینسر کی ان دونوں اقسام میں مسوڑھوں سے خون آنا اس بیماری کا شکار ہونے کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔
بلڈ کینسر کی علامات میں مسوڑھوں کی سوزش کے علاوہ زبان اور گال کے اندرونی حصوں پر زخم یا دانت کے سائز میں ممکنہ تبدیلی بھی شامل ہے۔
بچوں میں مسوڑھوں سے خون آنا یا سوزش کی ایک وجہ خون میں پلیٹلیٹس کی کم بھی ہوسکتی ہے تاہم بچوں میں ایکیوٹ مائیلائڈ لوکیمیا ہونے کی صورت میں اس کی علامات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔
بچوں میں مسوڑھوں سے خون آنے کی شکایت کو کسی صورت میں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ ٹھیک سے دانتوں کی صفائی نہ کرنے یا باقاعدگی سے برش نہ کرنے سے بھی مسوڑھوں کی بیماری پیدا ہوسکتی ہے۔
لوکیمیا کے مریضوں میں مسوڑھوں سے خون آنے کے مسئلے میں حد سے زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اکثر اوقات کینسر زدہ خلیات کو ختم کرنے کے لیے کیمو تھراپی یا ریڈی ایشن تھراپی کی بھی ضروورت ہوتی ہے جس سے انسان کے مدافعتی نظام پر انتہائی برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس دوران مریض کے منہ میں کسی قسم کی انفیکشن ہونے کا خطرہ ہو سکتا ہے، اسی لیے بلڈ کینسر کا علاج شروع کرنے سے پہلے مسوڑھوں سے جڑی بیماریوں یا دانتوں کے دیگر مسائل حل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔