کافی دنیا کا مقبول ترین مشروب تصور کیا جاتا ہے اور یہ صحت کے لیے بہت زیادہ مفید بھی ہوتا ہے۔
مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دن کا وہ کونسا وقت ہے جب کافی کو پینا صحت کے لیے سب سے زیادہ مفید ہوتا ہے؟
اگر نہیں تو جان لیں کہ صبح اس گرم مشروب کا استعمال دن کے دیگر اوقات کے مقابلے میں صحت کے لیے سب سے زیادہ بہترین ہوتا ہے۔
یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
یونیورسٹی کی تحقیق میں 40 ہزار افراد پر کافی کے استعمال سے مرتب ہونے والے اثرات کا تجزیہ کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ صبح کے وقت کافی پینے کے عادی افراد میں کسی بھی وجہ (یا مرض) سے قبل از وقت کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہو جاتا ہے جبکہ دل کی شریانوں سے جڑے امراض بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کا خطرہ 31 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
مگر تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ دل کی صحت کو کافی سے ہونے والے فوائد اس وقت گھٹ جاتے ہیں جب وہ دن بھر کافی کا استعمال جاری رکھتے ہیں۔
البتہ کسی بھی مرض سے موت کے خطرے میں آنے والی کمی دن بھر کافی پینے سے متاثر نہیں ہوتی۔
محققین نے بتایا کہ آپ کافی پیتے ہیں یا نہیں یا کتنی مقدار میں پیتے ہیں، اس سے قطع نظر اس مشروب کو پینے کا وقت بھی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے۔
تحقیق میں شامل افراد کی غذائی عادات کا جائزہ 1999 سے 2018 تک لیا گیا جن میں سے 36 فیصد صبح کے وقت کافی پینے کے عادی تھے جبکہ 16 فیصد دن میں کسی اور وقت اس گرم مشروب سے لطف اندوز ہوتے تھے۔
محققین کے مطابق صبح کے وقت کافی پینے والوں میں قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے، چاہے وہ دن بھر میں 2 سے 3 کپ کافی سے لطف اندوز ہوں یا بہت زیادہ مقدار میں اسے جزوبدن بنائیں۔
البتہ نتائج سے عندیہ بھی ملا کہ صبح کے وقت کافی کا استعمال دل کے لیے شام کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوتا ہے، مگر یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔
محققین کے خیال میں اس کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ شام میں کافی پینے سے جسم کی اندرونی گھڑی اور نیند متاثر ہوتی ہے جس سے بلڈ پریشر اور ورم بڑھتا ہے۔
یہ دونوں ہی دل کی صحت کو نقصان پہنچانے والے عنصر ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج یورپین ہارٹ جرنل میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل دسمبر 2024 میں پرتگال کی Coimbra یونیورسٹی کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے کو معمول بنانے سے اوسط عمر میں 1.8 سال کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق میں ماضی کی 50 تحقیقی رپورٹس کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی اور یہ دیکھا گیا کہ کافی پینے سے لوگوں کی صحت پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کافی پینے سے انسانی عمر میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ متعدد امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کافی پینے سے امراض قلب، پھیپھڑوں کے امراض، فالج، کینسر کی کچھ اقسام، ذیابیطس، ڈیمینشیا اور ڈپریشن جیسے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اسی طرح یہ گرم مشروب مسلز اور مدافعتی صحت کے لیے بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل ایجنگ ریسرچ ریویوز میں شائع ہوئے۔