200 کلو وزن کم کرنیوالا برازیلین ٹی وی اسٹار 37 سال کی عمر میں چل بسا

برازیل کے ریئلیٹی ٹی وی اسٹار اور فٹنس انفلوئنسر گیبریل فریٹاس 37 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2017 میں حیرت انگیز طور پر 200 کلو وزن کم کرنے کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کرنے والے گیبریل 30 دسمبر کو نیند کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گیبریل کا وزن 320 کلو گرام تھا لیکن مسلسل محنت ، ورزش اور ڈائٹ کی وجہ سے انہوں نے ڈیڑھ سال کے عرصے میں  تقریباً 200 کلو سے زائد وزن  کم کرکے  اپنا وزن 114 کلو تک کرلیا تھا۔

ان کی موت کی تصدیق ان کے قریبی دوست نے کی ۔ 

انسٹاگرام پر70 ہزار سے زائد فالوورز والے گیبریل کا وزن کم کرنے کا متاثر کن  سفر سوشل میڈیا اور یوٹیوب کے ذریعے وائرل ہوا تھا۔ 

ان کی کہانی سب سے پہلے 2017 میں برازیل کے ٹی وی شو میں پیش کی گئی تھی، جہاں انہوں نے اپنے وزن کم کرنے کے بارے میں اپنی مسلسل محنت اورجدوجہد کے بارے میں بتایا تھا۔

گیبریل نے اپنی جسمانی تبدیلی کے ذریعے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا تھا۔ 

گیبریل نے اپنا جسمانی وزن تو بہت کم کیا تھا لیکن پھر اپنے والد اور بھائی کی موت کے بعد ان کا وزن دوبارہ بڑھ گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گیبریل کی موت کے وقت ان کا وزن 400 کلو گرام تک ہوگیا تھا۔ان کی موت نے مداحوں کو گہرے صدمے میں ڈال دیا ہے۔