اسلام آباد:منشیات کے عادی افراد کے علاج کیلئے نئے طریقہ علاج کی منظوری دیدی گئی۔
پہلی بار پاکستان میں وپیوڈ سبسٹیوٹ تھیراپی کے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت ابتدائی مراحل میں 7سنٹرز پر سہولت فراہم کی جائے گی۔ مخصوص ہسپتال میں مخصوص ڈاکٹرز کو اس دوا کا نسخہ لکھنے کی اجازت ہوگی۔
منگل کووفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اوپیوڈ سبسٹیوٹ تھیراپی کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی -
وزارت انسداد منشیات میں ہونے والے اس اجلاس میں انجیکشن اور استعمال شدہ سرینج کے ذریعے سے پھیلتی ہوئی بیماریوں کی روک تھام کے لئے ضروری اقدام لینے پر بات کی گئی-
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے تمام شرکا ء کو اس تھیراپی کے فوائد اور ضرورت سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا-
اعجاز احمد شاہ کا کہنا تھا کہ اس قدم سے منشیات کے استعمال پر قابو پانے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ ایچ آئی وی ایڈز کے پھیلا پر بھی قابو پایا جاسکے گا-
ابتدائی مراحل میں 7 سنٹرز پر یہ سہولت فراہم کی جائے گی اور اس کے نتائج کامیاب ہونے کی صورت میں ایک سال کی مدت کے بعد مزید سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا-
پائلٹ پراجیکٹ کے تحت مخصوص ہسپتال میں مخصوص ڈاکٹرز کو اس دوا کا نسخہ لکھنے کی اجازت ہوگی- ملک بھر میں کل 7 سنٹرز اس تھیراپی کیلئے مخصوص کئے جائیں گے-
ہر صوبے میں ایک اور اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ایک سنٹر متعین کیا جائے گا-
اجلاس میں سیکرٹری انسدا منشیات ڈاکٹر سید کلیم امام، سیکرٹری صحت عامر اشرف خواجہ، اے این ایف کے نمائندے اور وزارت انسداد منشیات کے افسران نے شرکت کی۔