امریکی سائنس دانوں نے انسانی دماغ کے اہم اور دلچسپ راز سے پردہ اٹھا دیا، جس کے مطابق نظریں کسی انسانی چہرے پر جمتی ہیں تو مخصوص خلیات بہت زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔
طبی جریدے سائنس ایڈوانسز میں شائع ہونے والی سیڈرز سینائی میڈیکل سینٹر کی تحقیق میں سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ آنکھیں مسلسل متحرک رہتی ہیں جب وہ کسی چیز پر جمتی ہیں تو دماغ اس شہ کی وضاحت یعنی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب آنکھی کسی چہرے کو دیکھتی ہیں تو دماغ کے مخصوص خلیات متحرک ہوتے ہیں جو سماجی معلومات، ردعمل اور یادداشت بنانے والی سرگرمیوں کو متحرک کرتے ہیں۔
اس تحقیق میں ماہرین نے مرگی کے لاعلاج مرض میں مبتلا 13 افراد کو شامل کیا جن کے دماغ میں الیکٹروڈ نصب کیے گئے تاکہ ان کے مرگی کے دوروں کی وجہ جان سکیں لیکن اس دوران سائنس دانوں نے نیورونز کی سرگرمیوں کو بھی ریکارڈ کیا۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ خلیات جتنی تیزی سے متحرک ہوتے ہیں اتنا زیادہ اس چہرے کا یاد رہنے کا امکان ہوتا ہے اور جب یہ خلیات سست روی سے کام کرتے ہیں تو چہرے کو بھولنے کا امکان بڑھتا ہے۔
نتائج سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ آنکھوں کی حرکت اور دماگی لہریں دونوں یادداشت کے لیے اہم ہیں۔
محققین کے مطابق جن افراد کو چہرے یاد رکھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے ، ان میں ایسا ان خلیات کے افعال متاثر ہونے کی وجہ سے بھی ہوسکتا ہے۔