ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری بھی ٹک ٹاک کے بخار میں مبتلا ہوگئے،قاسم سوری نے معروف ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر اکاؤنٹ بنا لیا۔
قاسم خان سوری نے اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کی اطلاع ٹوئٹ کے ذریعے دی۔
ٹوئٹر پر اپنی ٹک ٹاک ویڈیو کا لنک شیئر کرتے ہوئے قاسم سوری نے ہیش ٹیگ ’پاکستان زندہ باد‘ لکھا ۔
ڈپٹی اسپیکر کے نام سے منسوب ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر اب تک صرف دو ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں، پہلی ویڈیو 3 اپریل کو تحریکِ عدم اعتماد کی رولنگ پڑھتے ہوئے جب کہ دوسری اسی دن اسمبلی میں آتے وقت کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسمبلی میں اسپیکر کی سیٹ سنبھالنے سے قبل انہوں نے پرویز خٹک، علی محمد خان اور مراد سعید سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ قاسم سوری کے علاوہ ٹک ٹاک پر صدر مملکت عارف علوی، اسد عمر، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سمیت دیگر سیاستدان بھی موجود ہیں۔
خیال رہے کہ آج کل سوشل میڈیا پر ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹرز کے پسندیدہ شخص ہیں، گزشتہ اتوار ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کو پاکستان کے اندرونی معاملات ، پارلیمانی کارروائی میں بیرونی مداخلت اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردی تھی۔
بعدازاں اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گی اور صدر مملکت عارف علوی نے عمران خان کی تجویز پر اسمبلیاں تحلیل کردیں۔