دنیا کی پہلی مسجد قبا کی توسیع کا فیصلہ

مدینہ منورہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی جب کہ تاریخ اسلام کی پہلی مسجد ’’مسجد قبا‘‘ کی توسیع کا بھی حکم دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی مسجد قبا میں توسیع کے منصوبے کے تحت تاریخ کی سب سے بڑی توسیع کی جائے گی جو 50 ہزار مربع میٹر پر محیط ہوگی۔ اس توسیع سے مسجد میں 66 ہزار مزید نمازیوں کی گنجائش بڑھ جائے گی۔

ولی عہد کا کہنا تھا کہ توسیع کے منصوبے کا مقصد  مسجد قبا کی مذہبی اہمیت کو اجاگر کرنا اور طرز تعمیر کے ساتھ مسجد کے قریب واقع مقدس یادگاروں کو محفوظ کرنا ہے جب کہ کنوؤں، کھیتوں اور باغات سمیت 57 مقامات کی تعمیر اور بحالی بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔

شہزاہ محمد بن سلمان کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے حج اور عمرہ سیزن کے دوران زائرین کے لیے گنجائش میں بھی اضافہ ہوگا۔ مسجد قبا تک آنے والی تمام سڑکوں کی مرمت کی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ زائرین آسکیں۔

خیال رہے کہ مسجد قبا تاریخ اسلام کی پہلی مسجد ہے جسے نبی آخری الزماں ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے تعمیر کیا تھا یہ مسجد نبوی کے جنوب میں پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

مدینہ منورہ کے دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسجد نبوی ﷺ میں نماز بھی ادا کیا اور معترین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔