لندن: اکثر افراد پیشاب کی فوری حاجت نہیں روک پاتے کیونکہ ان کا مثانہ غیرمعمولی طور پر سرگرم ہوتا ہے۔ اس کے لیے اب ایک دوا پیش کی گئی ہے جو لاکھوں کروڑوں افراد کی زندگی بہتر بناسکتی ہے۔
بالخصوص بعض خواتین غیرمعمولی سرگرم گردوں اور بولی نظام کی وجہ سے پیشاب روکنے میں ناکام رہتی ہے۔ اس سے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوتے ہیں اور طویل سفر بھی اجیرن ہوجاتا ہے۔ اب برطانیہ میں ایکویٹی Aquiette گولی کی فروخت شروع ہوگئی ہے جو کسی نسخے کے بغیر خریدی جاسکتی ہے۔
ایک طویل تحقیق کے بعد اس گولی کو کسی ڈاکٹر کے بغیر عام دوا کے طور پر فروخت کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق اس سروے میں لاکھوں خواتین نے گولی کو مفید قرار دیا ہے اور انہیں اسے خریدنے کی عام اجازت دی اور اس کی نئی طبی درجہ بندی کی گئی ہے۔
بعض مردوخواتین میں گردے تیزی سے کام کرتے ہیں اور اس کا بوجھ مثانے پر پڑتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ فطری حاجت روکنے سے قاصر رہتے ہیں اور سکون سے بیٹھنا بھی محال ہوجاتا ہے۔ Aquiette اسی مرض کی دوا ہے اور اسے عام فروخت کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ صرف برطانیہ میں ہی چھ میں سے ایک خاتون اس مرض کی درمیانی یا شدید کیفیت میں گرفتار ہے۔
برطانیہ میں میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر ریگولیٹر اتھارٹی (ایم ایچ آر اے) نے اس سے قبل ڈاکٹروں اور مریضوں سے تفصیلی رائے طلب کی تھی۔ اس کے بعد ہی گولی کو ڈاکٹری نسخے سے باہر نکالا گیا ہے۔