سونے کی مٹی سے بنی چائے کی پتی جس کی قیمت 14 لاکھ روپے فی کلو

سوشل میڈیا پر بھارت کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دو لڑکے ائیر پورٹ پر موجود چائے کی پتی کی ایک دکان پر موجود ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکان پر موجود سیلز مین لڑکوں کو بتا رہا ہے کہ ان کے پاس سب سے مہنگی چائے کی پتی ’گولڈ جن‘ ہے جس کی قیمت 14 لاکھ روپے (بھارتی قیمت) فی کلو ہے۔

چائے کی پتی کی خاصیت بتاتے ہوئے دکاندار بتا رہا ہے کہ اس میں گولڈ ڈسٹ (سونے کی مٹی) کو بلینڈ کر کے پتی میں شامل کیا جاتا ہے۔

دنیا کی مہنگی ترین چائے کو استعمال کرنے کے طریقے سے متعلق بتاتے ہوئے سیلز مین کہتا ہے کہ اسے پانی کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے، دودھ کے ساتھ اسے ہم استعمال نہیں کرتے، کیونکہ اس کا ذائقہ ہی پانی کے ساتھ آئے گا اور جو بھی اسے پیئے گا اسے بار بار اس کا ذائقہ محسوس ہو گا۔

ایک اور مہنگی چائے کی پتی کے بارے میں بتاتے ہوئے دکاندار کا کہنا تھا کہ ’ٹربو بلیک ٹی‘ کی بات کی جائے تو 4 سے 5 لاکھ روپے فی کلو میں مل جائے گی۔

دکاندار نے پتی کی خاصیت کے بارے میں بتاتے ہوئے مزید کہا کہ اس میں فرق یہ ہے کہ یہ سب سے اعلیٰ قسم کی پتی ہوتی ہے جسے پودے سے توڑ کر براہ راست پروسس کے عمل سے گزارا جاتا ہے جبکہ جو عام پتی ہم گھروں میں استعمال کرتے ہیں وہ تیسرے درجے کی ہوتی ہے۔

14 لاکھ روپے فی کلو چائے کی پتی خریدنے سے متعلق سوال پر دکاندار نے بتایا کہ پرسوں ہی 50 گرام چائے فروخت ہوئی ہے 50 ہزار روپے کی، خریدار کی خواہش تھی کہ مجھے سب سے مہنگی پتی چاہیے جو کسی اور کے پاس نہ ہو تو پھر اسے یہ پتی دی۔