نئی دہلی: ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہونے پر 6 سال کی پابندی کا سامنا کرنے والے بھارتی شہری نے پابندی ختم ہوتے ہی حقیقتاً چوٹی سر کر لی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی شہری نریندر سنگھ یادیو نے مئی 2016 میں دنیا کے سب سے اونچے پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم انتظامیہ نے ان تصاویر کو جعلی قرار دیتے ہوئے بھارتی شہری سمیت دیگر دو کوہ پیما پر 6 سال کی پابندی عائد کردی تھی۔
نیپال حکومت کی جانب سے عائد کی گئی پابندی کی میعاد ختم ہوتے ہی بھارتی شہری نے ماؤنٹ ایورسٹ کا رخ کیا اور چوٹی کو سر کرکے اپنے اوپر لگنے والے الزام کو دھو دیا۔
یادیو کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی چوٹی سر کر لی تھی لیکن مہم کے سربراہ نے ایڈونچر ایوارڈ کے لیے نامزد کیے جانے کے بعد تصاویر میں تبدیلیاں کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردی تھیں۔
بھارتی نوجوان کا مزید کہنا تھا کہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنا ایک خواب ہی نہیں تھا بلکہ جعل سازی کا الزام لگنے کے بعد زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا تھا۔ مجھے اپنے اوپر لگے الزامات کو دھونے کا جنون سوار تھا۔
نیپال کے محکمہ سیاحت کی اہلکار بشما راج بھٹرائی نے اے ایف پی کو بتایا کہ چوٹی سر کرنے کے کافی ثبوت پیش کرنے کے بعد ہم نے نریندر سنگھ یادیو کو بدھ سرٹیفیکٹ جاری کر دیا۔