ہیلسنکی، فن لیند: پہنی جانے والی ڈجیٹل اور الیکٹرونک طبی اشیا کی خبریں روزمرہ گردش کرتی رہتی ہیں لیکن اب فن لینڈ کے ماہرین نے ایک ایسا بے بی (جمپ) سوٹ بنایا ہے جو نہ صرف ان میں حرکات و سکنات (موٹر) کے انداز پر نظر رکھتا ہے بلکہ دماغی نشوونما کا خیال بھی رکھتا ہے۔
ہیلسنکی میں واقع بچوں کے ہسپتال کے ماہرین نے شیرخوار بچوں کی درست نشوونما کا پتا دینے والا ایک لباس بنایا ہے جسے ایم اے آئی جے یو یعنی موٹر اسیسمنٹ آف انفنٹس ود اے جمپ سوٹ کا نام دیاگیا ہے۔ اس میں کئی طرح کے حساس سینسر دیکھتے ہیں کہ بچے کی مختلف عضو کس طرح حرکت کررہے ہیں۔ اس طرح بچے کی دماغی نشوونما کا فوری طور پر اندازہ کرکےڈاکٹر طبی مداخلت کرسکتے ہیں۔
اس جمپ سوٹ کی بدولت 5 سے 19 ماہ تک کے بچوں کا جسمانی طبی جائزہ لیا جاسکتا ہے اور گھریلو ماحول میں خود والدین بھی اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ اس کی تیاری میں پہلے نارمل بچوں کی سینکڑوں منٹ طویل ویڈیو بنائی گئی۔ اس میں ان کی نارمل حرکات اور نشوونما کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے بعد سارا ڈیٹا ایک کمپیوٹر الگورتھم کے حوالے کیا گیا جس میں فی سیکنڈ بچوں کے اٹھنے بیٹھنے اور چلنے پھرنے کا ریکارڈ دیکھا اور میچ کیا گیا۔ اس کے بعد ڈیپ لرننگ سے بھی مدد لی گئی۔
حیرت انگیز طور پر لباس نے بچوں کی نارمل اور معمول سے ہٹ کر حرکات و سکنات کو بہت درستگی سے نوٹ کیا۔ پھر اس بنیاد پر علاج کی تدابیر بھی وضع کی جاسکتی ہیں۔ اس طرح بچے کی دماغی اور اعصابی نشوونما کا خیال رکھنے والا یہ ایک بہت اہم اختراعی طریقہ ہوگا۔
موٹر اور اعصابی کمزوری کے شکار بچوں کو شروع سے ہی بہت توجہ، علاج اور ورزش وغیرہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ اب اگر یہ خامی شروع سے ہی معلوم کرلی جائے تو اس سے علاج میں بہت مدد ملے گی اور اس سے بچے کو فوری فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔