نئے مالی سال کے پہلے ماہ میں ہدف سے 15 ارب روپے زیادہ ٹیکس وصول

فیڈرل بیورو آف ریونیو کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ماہ میں ایف بی آر کے محصولات میں 10 فیصد کا اضافہ ہوا ہے،جولائی میں محصولات کا ہدف 443 ارب روپے تھا لیکن ادارے نے 15 ارب روپے زیادہ یعنی 458 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیے  کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں اکٹھے ہونے والے محصولات میں اضافہ 10 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔ اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کسٹمز نے 67 ارب روپے کے محصولات اکھٹے کیے۔رواں مالی سال انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال 34 لاکھ ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے، جب کہ گزشتہ مالی سال میں 30 لاکھ ٹیکس گزاروں نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے تھے۔

دوسری جانب فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے رواں مالی سال 2022-23 کے لیے مقرر کردہ 7 ہزار 470 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے نادرا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق نادرا سے زیادہ اخراجات والے مزید ساڑھے 3ہزار افراد کا مکمل ڈیٹا طلب کرلیا گیا ہے جبکہ ٹریک اینڈ ٹریس اور پوائنٹ آف سیل سسٹم سے بھی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے غیر ملکی دوروں، مہنگی گاڑیوں، جائداد کی خریداری کا ریکارڈ چیک کیا جائے گا۔

ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے آڈٹ سسٹم بھی استعمال کیا جائے گا جبکہ ٹیکس نادہندگان کے بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال ہوگی۔