ٹیلی فارمنگ 

تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ہرشعبہ تبدیلی کی زد میں ہے چنانچہ اس وقت ہرشعبہ زندگی میں سوشل میڈیا اورجدید ٹیکنالوجی کااستعمال کیاجارہاہے ان حقائق و ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ زراعت خیبرپختونخوانے صوبہ بھر میں کسانوں اورمحکمہ زراعت کے مختلف اداروں کو باہم منسلک کرنے اور روابط بہتر بنانے کیلئے ای ایگریکلچراورٹیلی فارمنگ سسٹم کاآغازکیا ہے اس منصوبہ کے تحت صارفین کو مختلف جدید ذرائع سے رہنمائی دی جارہی ہے انکے مسائل فوری بنیادوں پرحل کئے جارہے ہیں اس مقصد کیلئے کسان سہولت کال سنٹر قائم کیاگیاجس پر دفتر ی ایام میں صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کوئی بھی کال کرکے اپنا مسئلہ بیان کرسکتاہے‘ سنٹر میں محکمہ زراعت توسیع،محکمہ لائیو سٹاک توسیع،فشریز اور واٹرمینجمنٹ کے متعلقہ افسران موجود رہتے ہیں پہلے مرحلہ میں کال سنٹر میں موجودعملہ ہی شکایت دور کرنے اور مسئلہ حل کرنے کی کوشش کرتاہے اگر انکے پاس حل موجود نہ ہونمائندہ کسان کی کال متعلقہ ضلع کے زرعی ماہر کو بھیج دیگا جو مذکورہ مسئلہ چوبیس گھنٹے میں حل کرنے کاپابندہوگا اسکے ساتھ کسانوں کو مارکیٹ سے متعلق آگاہی،موسمی پیشنگوئی،ہنگامی صورتحال اورتکنیکی امور پر بھی رہنمائی کی جاتی ہے۔

 زرعی ماہرین کی ایک کمیٹی مخصوص حالات میں عملہ کی رہنمائی کیلئے بھی بنائی گئی ہے‘کسان کسی بھی مسئلہ کے حل کیلئے کال سنٹر کے نمبر 0348-1117070پر رابطہ کرتاہے جسکے بعداسکی رجسٹریشن کی جاتی ہے‘ مختلف اقسام کے پودوں اورجانوروں کی بیماریوں اورحشرات الارض کے حملہ کی پیشگی اطلاع بھی دی جاتی ہے اسکے ساتھ ساتھ موسم سے متعلق پیشگوئی اور مارکیٹ ریٹ کے متعلق آگاہی بھی بلامعاوضہ فراہم کی جاتی ہے‘ کسانوں کی رہنمائی کیلئے جدید اینڈرائیڈایپلی کیشن بھی متعارف کرایا ہے وہ کسان یاکاشتکار جنکے پا س اینڈ رائیڈ یا سمارٹ فون ہے وہ اس موبائل ایپلی کیشن کو گوگل پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں اس ایپ کے ذریعہ کسان نہ صرف محکمہ زراعت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکتے ہیں ہرقسم کی فصلات،سبزیات اورپھلوں کے بارے میں بھی تکنیکی معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں صوبائی حکومت کی ہدایت پر محکمہ زراعت کی طرف سے قائم کال سنٹر نے گذشتہ دوسال کے دوران فون پر ہزاروں شکایات کاازالہ کرکے نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

 سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخواحکومت کی طرف سے محکمہ زراعت توسیع کی طرف سے فارمر ٹیلی فسیلیٹیشن کال سنٹر قائم کیاگیاہے 2018ء میں قائم ہونیوالے اس کال سنٹرکا مقصد کسانوں کیساتھ قریبی رابطہ قائم رکھناہے سنٹر میں محکمہ زراعت توسیع،لائیوسٹاک توسیع،فشریز اور واٹر مینجمنٹ کے افسران صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک موجودرہتے ہیں کسانوں کے مسائل کے حل کیساتھ ساتھ انکو مارکیٹ کے حوالہ سے آگہی،موسمی صورت حال کی پیشگوئی بھی فراہم کی جاتی ہے گذشتہ پانچ سال کے دوران سنٹر کو ایک لاکھ تین ہزار 727کالیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے گذشتہ دوسال کے دوران وصول ہونے والی 37769کالیں بھی شامل ہیں‘ا س سے اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ اگر حکومت جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال کو ممکن بناتی ہے تو لوگ بھی پھر اس میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں کال سنٹر کے قیام کے پہلے سال ہی ریکارڈ کے مطابق صوبہ بھر سے مختلف مسائل کے حل کیلئے کسانوں کی طرف سے 11831کالز کی گئیں جن میں 11469شکایات کو موقع پر ہی حل کردیاگیا ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ کالز کاتعلق شعبہ زراعت توسیع سے تھا اگلے سال کال سنٹر پر کالوں کی تعداد بڑھ کر 20418ہوگئی۔

 جن میں سے موقع پرہی 19528شکایات کو حل کرلیاگیا بعدازاں اگست 2020ء سے جولائی 2021تک کے درمیان کالوں کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا اس سال سنٹر کو کل 33709کالیں کی گئیں جن میں سے 33228کالو ں کے ذریعہ سامنے آنیوالے معاملات کو موقع پر ہی حل کرلیاگیا گذشتہ سال کے دوران موصول ہونیوالی کالوں کے ذریعہ کل 37620شکایات کو حل کیاگیا‘سب سے زیادہ کالیں سوات سے موصول ہوئیں جن کی تعداد 3860رہی مردان سے 3645جبکہ صوابی سے 2533کالیں موصول ہوئیں بنوں سے 2049،بونیر سے 2250،چارسدہ سے 2319،ڈیرہ سے 2307لکی سے 2226،پشاور سے 2053کالیں موصول ہوئیں کہنے کو تویہ ایک چھوٹا سے قدم تھا جو حکومت کی طرف سے اٹھایا گیا مگر اس کے دوررس اثرات سامنے آرہے ہیں ا س سے یہ بھی ظاہرہوتاہے کہ ہمارے کسان بھی جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے جارہے ہیں اسی لئے تو نہ صرف کال سنٹر بلکہ متعلقہ موبائل ایپ کااستعمال بھی کررہے ہیں محکمہ زراعت کی یہ کاوش دیگر محکموں کے لیے بھی قابل تقلیدمثال ہے یہ درحقیقت عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطوں کابھی ایک بڑا ثبوت ہے ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی کے ساتھ اس کے حوالہ سے آگہی بھی ضروری ہے اور اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کو میڈیا کے ساتھ مل کر لائحہ عمل وضع کرناچاہئے۔