آنکھوں کی بینائی واپس لانے میں بڑی پیش رفت

اوٹاوہ: خنزیر کی جلد سے بنے قرنیہ سے 20 افراد کی بینائی بحال کردی گئی اس طبی کارنامے کو اس ضمن میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 ٹشو انجینیئرنگ کی بدولت خنزیر کی تبدیل شدہ جلد سے قرنیہ بنا کر انسانوں میں منتقل کیا گیا تو تمام افراد کی بینائی جزوی یا کلی طور پر بحال ہوگئی۔ اس طبی کارنامے کو اس ضمن میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

انسانوں پر پہلے تجربے کے دو برس بعد 14 نابینا افراد کی بینائی بحال ہوئی، تین افراد کو کچھ بہتر دکھائی دیا اور بقیہ تین افراد کی بینائی پیدائشی بچے کی طرح نارمل ہوگئی۔

’یہ ٹیکنالوجی قرنیے کے نایاب عطیات کی کمی پوری کرسکتی ہے جن سے آنکھوں کے کئی امراض کا علاج کیا جاسکتا ہے،‘ نیل لیگالی نے بتایا کہ جو لنکوئپنگ یونیورسٹی کے شعبہ چشم کےممتاز ماہر ہیں۔

آنکھ کا پردہ یا قرنیہ بینائی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور دنیا بھر میں 1 کروڑ 27 لاکھ افراد قرنیہ کی خرابی کے شکار ہیں اور 70 میں سے صرف ایک خوش نصیب کو اس کا عطیہ مل جاتا ہے۔

جامعہ سے تعلق رکھنے والے ایک اور سائنسداں مہرداد رفعت نے کہا کہ ان کی ایجاد جلد دنیا بھر کے لوگوں، خواہ وہ امیر ہوں یا غریب، کے لیے عام دستیاب ہوگی۔

مہرداد اور ان کی ٹیم کے مطابق یہ ایک نئی ٹیکنالوجی ہے جس میں آنکھ کا پردہ لگانے کے لیے ٹانکوں کی ضرورت نہیں ہوتی اور عام حالات میں بایو انجنیئرنگ سے تیار قرنیہ لگایا جاسکتا ہے۔ اس میں مریض کی بافت (ٹشو) لینے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ مریض کے اپنے قرنیے میں ایک معمولی سوراخ کرکے انجینیئرنگ سے تیار کردہ نیا قرنیہ داخل کیا جاتا ہے۔

خنزیر کی جلد کی پتلی بافت یا کولاجن لے کر اس میں کیمیائی عمل اور فوٹو کیمیکل طریقوں سے بہتر بنایا گیا۔ پھر ہائیڈروجل ملاکر اسے مستحکم کیا گیا ہے۔

قرنیہ آنکھ کا وہ شفاف پردہ ہوتا ہے جو آئرس اور پیوپل جیسے دو اہم حصوں کی حفاظت کرتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ قرنیہ متاثر ہوتا رہتا ہے اور باہر کی جانب پھول کر کئی امراض کی وجہ بنتا ہے۔