ورکرز ویلفیئر بورڈ،نادر موقع

اس بار برادرم ساجدطوری کے ساتھ اسلام آبادمیں ملاقات ہوئی تو کھل کر بہت سے امورپر باتیں ہوئیں خاص طورپر ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا کے معاملات پر بات ہوئی اس پر انہوں نے دعوت دی کہ میں جلد ہی پشاور آرہاہوں جہاں ورکرز ویلفیئر بورڈ کے اجلاس میں شرکت بھی کرنی ہے دونوں اکٹھے چلیں گے جمعرات کو وہ پشاور آئے تو حسب وعدہ رابطہ کرکے جمعہ کے پروگرام سے آگاہ کیا ساجد حسین طوری کے ساتھ فاٹا انضمام کے تحریک کے عروج کے دنوں میں کئی لمبی لمبی نشستیں ہوتی رہی ہیں وہ اورشاہ جی گل آفریدی ان دنوں فاٹا کے اس پارلیمانی گروپ میں اکٹھے تھے جو فاٹا انضمام کی بھرپو ر وکالت کررہاتھا ساجدطوری اور شاہ جی گل آفرید ی کاکردار اس معاملہ میں بہت اہم رہاہے اورہمارا ان دونوں کے ساتھ اس ایشو پر قریبی رابطہ رہاتھا حالات بدلے 2018کے انتخابات میں ساجدطوری نے قومی اسمبلی کی نشست پر کامیابی کی ہیٹ ٹرک کرلی اور ایک بارپھر اپوزیشن میں بیٹھ گئے مگر پھر عدم اعتماد کی تحریک آئی پی ٹی آئی کی حکومت فارغ ہوئی اور پی ڈی ایم کی حکومت قائم ہوئی پاکستان پیپلز پارٹی کے حصہ میں جو وزارتیں آئیں۔

 ان میں سے خیبرپختونخوا سے ان کے اکلوتے ایم این اے کی حیثیت سے ساجد حسین طوری کو بھی نامزد کردیاگیا اوریوں پارٹی قیادت نے ان کی وفاداری اور سیاسی تجربہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو سمندرپار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی اہم وزارت تفویض کردی ساجد طوری نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کردکھانے کے لیے پہلے دن سے ہی متحرک کردار ادا کرناشروع کردیا انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ ورکررز ویلفیئر بورڈ کے معاملات کی درستگی کے لیے بھی رابطے بڑھائے گذشتہ دنوں ایک بارپھر بورڈ کے دفتر کادورہ کیاجیساکہ پہلے بتایاگیاکہ انہوں نے ہمیں بھی دورے میں شرکت کی دعوت دی ہوئی تھی چنانچہ جمعرات کو جب پشاور آئے تور ات کو رابطہ کرکے کل نو بجے کاٹائم فکس کردیا نوبجے اکٹھے ہوئے اورپشاور صدر سے ساڑھے نو بجے حیات آباد کے لیے روانہ ہوئے ہم بھی دیکھناچاہ رہے تھے کہ بورڈ کے اندر کی صورت حال کیاہے کیونکہ باہر سے تو معاملا ت بہت بھیانک دکھائی دے رہے ہیں خاص طورپر جب سے مالیاتی سکینڈ ل سامنے آیاہے۔

 ویسے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے حوالہ سے یہی کہاجاسکتاہے کہ بورڈ رے بورڈ تیری کون سی کل سیدھی کیونکہ رہائشی کالونیوں سے لے کر طلبہ کے یونیفار م تک،سکالرشپس سے لے کر میرج اورڈیتھ گرانٹ تک اوراسی طرح بہت سے دیگر معاملات پر جو خبریں سامنے آتی رہتی ہیں یا پھر جو صورتحال بنی ہوئی ہے اس سے تشویش کابڑھ جانا لازمی امر ہے حالانکہ ایک وقت تھاکہ یہ ادارہ محنت کشوں کے لیے انتہائی بہترین اندازمیں کام کررہاتھا پھر اسے بیروزگاری ختم کرنے کا وسیلہ بنانے کی پالیسی اختیار کی گئی جس کی وجہ سے پھر اس کی کارکردگی متاثر ہوتی چلی گئی اس وقت بھی اس کی افسرشاہی شاندار مراعات لے رہی ہے مگر ادارے کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے پھر رہی سہی کسر گذشتہ دنوں سامنے آنے والے ایک مبینہ مالیاتی سکینڈ ل نے بھی پوری کردی ہے جس کی تحقیقات جاری ہیں جمعہ کو جب وفاقی وزیر کو بورڈکے حوالہ سے بریفنگ دی جارہی تھی تو بورڈ میں موجودمزدوریوننیز کے نمائندے بورڈ حکام پربرس پڑے انہوں نے شکایات کے انبار لگادیئے۔

خودوفاقی وزیر نے کھل کرکہاکہ اب ماضی کی طرح چھ طلبہ کے لیے پینتالیس اساتذہ والی پالیسی کادور گذر گیا اب سب کچھ کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا اور کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی انہوں نے مالیاتی سکینڈل کے ذمہ داروں کے خلاف بھی کاروائی پوری کرنے کے عزم کااظہارکیا سب سے بڑھ کر ا نہوں نے کھل کرکہاکہ وہ اس صوبہ کے باشندے ہیں اورصوبہ کے لیے بہت کچھ کرناچاہتے ہیں اس لیے بورڈ حکام نئے نئے منصوبے سامنے لائیں جن کے لیے ہم فنڈز دینے کے لیے تیار ہیں گویاانہوں نے ایک بلینک چیک بورڈ حکام کے سامنے رکھ دیاہے جس کے بعداس سے فائدہ اٹھانا اب بورڈ حکام کی ذمہ داری بنتی ہے دوسری طرف صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی بھی بورڈ کی حالت بدلنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 ایک ملاقات میں انہوں نے بھی بورڈ کاقبلہ درست کرنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کاعندیہ دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیاکہ مالیاتی سکینڈل کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائیگا انہوں نے اس پر بھی افسوس کااظہار کیاکہ ماضی میں میرٹ کے خلاف اورضرورت سے زائد بھرتیوں نے بورڈ کو ادھ مؤا کرکے رکھ دیاہے تاہم اب ہماری کوشش ہے کہ عدالت عظمیٰ کی ہدایات کے مطابق معاملات کو درست کریں گویا اس وقت اگر دیکھاجائے تو مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اختلافات پورے عروج پر ہیں مگر بورڈ کے معاملات کی درستگی اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے معاملہ پر وفاقی اورصوبائی وزراء میں اتفاق رائے پایاجاتاہے کیا ہی بہتر ہوگا کہ دونوں اس ایک نکتہ پر مل بیٹھ کر پالیسی بنائیں کیونکہ ایسا نادر موقع پھر ہاتھ نہیں آئے گا ساجدطوری اور شوکت یوسفزئی اگر ایسا کرنے میں کامیاب ہوپاتے ہیں تو صوبہ کے لیے ان کے اس کردار کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گا۔