حکومت کا ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنیکا اعلان 

اسلام آباد: سینیٹ میں حکومت نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے ایوان کو آگاہ کیاکہ پیراسٹامول کی قیمت بڑھانے کا ہم پر دباؤ رہا لیکن وفاقی حکومت نے دو بار سمری مسترد کی کہ ہم دوا کی قیمت میں اضافہ نہیں کریں گے۔

 موجودہ حکومت دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرے گی، گزشتہ حکومت کے دورمیں دواؤں کی قیمتوں میں دو بار ہوشرباء اضافہ کیا گیا، پاکستان میں شوگرکے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

 اس کی سب سے بڑی وجہ سٹریس بھی ہوتی ہے، دو چار سالوں سے قوم اس قدر سٹریس کا بھی شکار ہے، گزشتہ چار سال میں شوگر میں کچھ زیادہ اضافہ ہوا ہے، قوم اس قدر سٹریس کا شکار ہے اوراس کو ایسی ایسی باتیں سننے کو مل رہی ہیں کہ لوگوں کو سمجھ میں ہی نہیں آرہا کہ یہ حقیقت ہے یا افسانہ۔

منگل کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا، وقفہ سوالات کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی جگہ وزارت خارجہ سے متعلق سوالوں کے جواب وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے دیئے۔ 

سینیٹر مشاق احمد کے سوال کے تحریری جواب میں وزارت صحت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ یہ حقیقت نہیں ہے کہ سرکاری اور نجی شعبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے سلسلے میں 28فیصدنشستیں خالی رہیں اور سال2021-22کے لئے پر نہیں کی جاسکیں، صرف 6.68فیصد نشستیں خالی رہیں۔

 ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا کہ پہلے سنگل نیشنل کریکولم تھا، سنگل کو ختم کیا ہے یہ نیشنل کریکولم ہوگا، انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اسٹینڈرڈ بہتر ہوگا۔

سینیٹر مشتاق احمد نے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ پاکستان میں شوگرکے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، اس کی سب سے بڑی وجہ سٹریس بھی ہوتی ہے، دو چار سالوں سے قوم اس قدر سٹریس کا بھی شکار ہے۔