نو دولتیوں کو ظاہر کرنے والی مشین

میامی: پاکستان ہو یا امریکا، کئی افراد اپنا بینک بیلنس اور امارت دکھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اب ایسے ہی لوگوں کے لیے ایک اے ٹی ایم رکھی گئی ہے جو اسے استعمال کرنے والوں کے بقیہ بینک بیلنس کو واضح طور پر ظاہر کرتی ہے۔ میامی کے ساحل پر آرٹ بیسل پر ایک مختلف مشین رکھی گئ ہے جسے نیویارک کے ادارے ایم ایس سی ایچ ایف نے بنیا ہے جس میں پیروٹن آرٹ گیلری کا تعاون بھی شامل ہے۔ یہ ایک فن پارہ ہے جو سب سے زیادہ بینک بیلنس والے کی تصویر عین اسی طرح دکھاتی ہے جس طرح ویڈیو گیم میں زیادہ اسکور کرنے والوں کے نام دکھائی دیتے ہیں۔

اب جو بھی کارڈ کی بدولت مشین استعمال کرتا ہے تو مشین ان کی رقم اور بینک بیلنس کے لحاط سے تصویر اور دولت کو ظاہر کرتی رہتی ہے۔ اس کا مقصد ان نودولتیوں یوٹیوبر اور انفلوئنسر کو موقع فراہم کرنا ہے جو اپنی دولت اور پرتعیش زندگی دکھانے کا شوق رکھتے ہیں۔

اسے اے ٹی ایم لیڈر بورڈ کا نام دیا گیا ہے۔ ایم ایس سی ایچ ایف کے نائب سربراہ ڈینیئل گرینبرگ نے بتایا کہ یہ مشین ایک ایسی جگہ لگائی گئی ہے جہاں بہت امیرافراد آتے ہیں اور لمبورگنی جیسی کاریں بھی کرائے پر ملتی ہیں۔ اے ٹی ایم میں ایک کیمرہ لگا ہے جو کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ لگاتے ہیں سامنے والے کی تصویر کھینچ لیتا ہے۔ اب ان میں سے جن کا بینک بیلنس زیادہ ہوتا ہے اس کی تصویر اوپر والے ڈسپلے پر ظاہر ہونا شروع ہوجاتی ہے بشرطیکہ اس کا بینک بیلنس تمام افراد سے زائد ہو۔

استعمال نہ ہونے کی صورت میں بھی اے ٹی ایم کے اوپر والے ڈسپلے پر دولتمند افراد کی تصاویر اور دولت ظاہر ہوتی رہتی ہے۔ یہ مشین چند روز قبل ہی لگائی گئی ہے۔