سبزیاں، پھل اور خشک میوہ جات مرد حضرات کے لیے فائدہ مند ثابت

تقریبا دو دہائیوں تک جاری رہنے والی ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو مرد حضرات سبزیاں، پھل، دالیں اور خشک میوہ جات زیادہ کھاتے ہیں ان میں آنتوں کے کینسر کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آنتوں کا کینسر خواتین کے برعکس مرد حضرات کو زیادہ متاثر کرتا ہے اور عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ مرد حضرات کی غذائی عادات انہیں اس مرض کے قریب لے جاتی ہیں۔

یہی بات جاننے کے لیے امریکا کے ماہرین نے 80 ہزار کے قریب مرد حضرات اور 93 ہزار سے زائد خواتین پر دو دہائیوں تک تحقیق کی۔

طبی جریدے ’بی ایم سی میڈیسن‘ میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی طویل تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو مرد حضرات سبزیوں، پھلوں، دالوں اور خشک میوہ جات کا کثرت سے استعمال کرتے ہیں، ان میں آنت کے کینسر کے امکانات 22 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران تمام رضاکاروں کو 180 اجزا کی فہرست دی اور ان سے معلوم کیا کہ وہ یومیہ کون سے غذائیں کھاتے اور کون سے مشروب پیتے ہیں۔

اسی طرح ماہرین نے خواتین کو بھی مذکورہ فہرست دی اور ان سے بھی یہی سوال کیا۔

فہرست میں مچھلی، مرغی، گوشت، مٹن، سبزیوں، پھلوں، انڈوں، خشک میوہ جات، چائے، کافی اور شراب سمیت 180 غذائیں اور مشروب شامل تھے۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کے مختلف اوقات میں معائنے بھی کیے اور دو دہائیوں بعد تمام رضاکاروں سے دوبارہ غذائی عادات کے سوالات کرنے سمیت ان کے ٹیسٹس بھی کیے گئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 80 ہزار کے قریب مرد حضرات میں سے 4 ہزار 974 افراد میں آنتوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی۔

ماہرین نے نوٹ کیا کہ آنتوں کے کینسر کی تشخیص ان افراد میں ہوئی، جنہوں نے پھلوں، سبزیوں، خشک میوہ جات، دالوں اور چائے و کافی کے علاوہ دیگر غذائیں کھائیں۔

ماہرین نے تمام غذائیتوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا اور دالوں و سبزیوں کو قدرتی غذائیتوں جب کہ انڈوں، مرغی، گوشت اور مچھلی جیزی غذائیت کو صحت مند غذائیتوں کی کیٹیگریز میں رکھا۔

سائنسدانوں کے مطابق اگرچہ صحت مند غذائیں بھی صحت کے لیے بہتر ہیں، تاہم وہ آنتوں کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار نہیں ہوتیں۔

ماہرین کے مطابق زیادہ فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹ پر مشتمل سبزیوں، پھلوں، خشک میوہ جات اور دالیں کھانے سے مرد حضرات میں آنتوں کے کینسر کے پیدا ہونے کے امکانات 22 فیصد تک ہوجاتے ہیں۔

ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ پھل، سبزیاں، دالیں اور خشک میوہ جات خواتین میں آنتوں کے کینسر کے امکانات کو بڑھانے یا کم کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کرتے۔

البتہ ماہرین نے یہ بات واضح نہیں کی کہ مرد حضرات کو یومیہ یا ہفتہ وار سبزیوں، پھلوں، خشک میوہ جات اور دالوں کی کتنی مقدار کھانی چاہئیےَ؟

علاوہ ازیں ماہرین نے مذکورہ معاملے پر مزید تحقیق پر بھی زور دیا۔