ملک میں کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے، وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد:وفاقی وزیرصحت نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں۔

 پاکستان کی 90 فیصد آبادی کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے، لوگ محفوظ ہیں، تمام اییرپورٹس پر سکریننگ اور ریپڈ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ 

وزارت صحت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کی زیر صدارت جمعرات کے روز  این سی او سی کا اجلاس قومی اداہ صحت میں ہوا۔

 اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر محمد فخر عالم،  ڈی جی ہیلتھ  قومی ادارہ صحت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام بھی شریک ہوئے۔ 

 ترجمان وزارت صحت  کے مطابق اجلاس میں پاک فوج کے نمایندے اور دیگر ماہرین بھی شریک  ہوئے، اجلاس میں کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال  کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام افواہوں پر کان نہ دھریں، کوووڈ کیس پازیٹو ریشو 0.3 سے 0.5 ہے،پاکستان کی 90 فیصد آبادی کو کرونا ویکسین لگ چکی ہے، لوگ محفوظ ہیں، تمام اییرپورٹس پر سکریننگ اور ریپڈ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

 عبد القادر پٹیل نے کہا کہ تمام ایئرپورٹس پر ڈس انفیکشن اسپرے اور سینٹایزر کا استعمال کیا جائے گا،  انفیکٹڈ لوگوں کے پی سی آر ٹیسٹ کیے جائیں گے،کورونا وائرس کی تمام لہروں کے دوران پاکستان نے بھر اقدامات کیے اور کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

 ان کا کہنا تھا کہ  تمام ایئرپورٹس پر سکریننگ اور سرویلنس کا موثر نظام موجود ہے، بارڈر اینڈ  ہیلتھ سروسز پاکستان کا ادارہ  انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشن کی شفارشات پر عمل درامد کو یقینی بنا رھا ہے،تمام ایئرپورٹس اور ملک کے داخلی ور خارجی راستوں پر  عملہ مستعدی سے کام کر رہا ہے۔

 عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وباؤں سے عوام کو بچانے کیلئے بارڈر اینڈ ہیلتھ سروسز پاکستان کے ادارے کو مضبوط بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں، عوام کو صحت کی طبی سہولیات بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔