ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک دنیا کے پہلے ایسے شخص بن گئے ہیں جن کی دولت میں 200 ارب ڈالرز کی کمی آئی۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایلون مسک 2021 میں ایمازون کے بانی جیف بیزوس کے بعد دنیا کے دوسرے فرد بنے تھے جن کے اثاثوں کی مالیت 200 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی تھی۔
نومبر 2021 میں ایلون مسک کی دولت ریکارڈ 340 ارب ڈالرز تک پہنچی مگر 2022 کے اختتام پر وہ گھٹ کر 137 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔
اس کی وجہ 2022 کے دوران ٹیسلا کے حصص کی مالیت میں 65 فیصد کمی آنا ہے۔
اسی طرح انہوں نے اکتوبر میں 44 ارب ڈالرز میں ٹوئٹر کو بھی خریدا۔
اس سے قبل دسمبر 2022 میں ایلون مسک سے دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز فرانس کے برنارڈ آرنلٹ نے چھین لیا تھا۔
برنارڈ آرنلٹ اس وقت 162 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جس کے بعد 137 ارب ڈالرز کے ساتھ ایلون مسک دوسرے، 121 ارب ڈالرز کے ساتھ گوتم اڈانی تیسرے، 109 ارب ڈالرز کے ساتھ بل گیٹس چوتھے جبکہ 107 ارب ڈالرز کے ساتھ وارن بفٹ 5 ویں نمبر پر ہیں۔