پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں صوبے میں سی این جی سٹیشنز کی بندش کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
منگل کے روز پشاور میں ہونے والے صوبائی کابینہ کے 85 ویں اجلاس میں کابینہ کے ارکان، صوبائی چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔
کابینہ نے گذشتہ روز صوبے کے فنڈز کی بندش کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے بیان کا سخت نوٹس لیا اور ان کے اس بیان کو صوبے کے عوام سے زیادتی اور ان کی منتخب حکومت کی توہین قرار دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں جو سکیمیں پایہ تکمیل کو پہنچ گئی ہیں انکی SNEs کی ہفتے کے اندر اندر منظوری دی جائے اور محکمہ خزانہ اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرے تاکہ مکمل شدہ سکیموں کے ثمرات عوام تک جلد ازجلدپہنچ سکیں۔ وزیراعلیٰ نے ای ٹینڈرنگ پر فوری طور پر عمل درآمد کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ جلد ای ٹینڈرنگ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
کابینہ نے گندم کے نرخ کے تعین کے لئے وزیر خواراک عاطف خان کی سربراہی میں کابینہ کی سب کمیٹی تشکیل بھی دی۔کمیٹی وزیر خزانہ، وزیر بلدیات اور متعلقہ حکام پر مشتمل ہوگی۔ اسی طرح صوبے میں سی این جی سٹیشنز کی بندش کے حوالے سے عوام کو درپیش مشکلات پر بھی کابینہ نے غوروخوض کیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ یہ معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھائیں گے تاکہ صوبے کے عوام کو فوری ریلیف دیا جاسکے۔
کا بینہ نے صوبائی دارالحکومت پشاور اور ازبکستان کے شہر ترمذ کو جڑواں شہر کا درجہ دینے کے لئے میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخظ کرنے کا اختیار دیدیا۔
صوبائی کا بینہ نے خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2012 اور خیبر پختونخوا ویلیج اینڈ نیبر ہڈ کونسلز رولز آف بزنس 2022 میں ضروری ترامیم کی منظوری دی۔ ترامیم کی رو سے تحصیل مئیر اور چئیرمینوں کے معاوضے میں اضافے کے ساتھ ان کے لیے 200 لیٹر ماہانہ فیول کی مد میں دئے جائیں گے۔
صوبائی کا بینہ نے واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کمپنی مردان کے سی ای او کی برطرفی، کمپنی کے بورڈ کی تحلیل اور کمپنی کے سی ای او کا اضافی چارج ڈپٹی کمشنر مردان کو دینے کی منظوری دی۔
اسی طرح صوبائی کابینہ نے محکمہ خزانہ میں ورلڈ بنک کے تعاون سے گورننس اینڈ پالیسی پراجیکٹ کے تحت سپیشل یونٹس میں تعینات پروفیشنلز کو اپنی خدمات جاری رکھنے کی منظوری د ی۔
فی الوقت ان کو ایک سال کا کنٹریکٹ دیا جائے گا جو بہتر کارکردگی کی بنیاد پر قابل توسیع ہوگا۔صوبائی کا بینہ نے خیبر پختونخوا) Domestic voilence agaisnt woman (prevention and protection rules 2022 کی منظوری دے دی۔
یہ رولز خیبرپختونخوا domestic voilance against women (prevention & protection Act 2021)کے تحت بنائے گئے ہیں۔ان رولز کی منظوری سے مذکورہ قانون پر من و عن عملدرآمدیقینی بنایا جاسکے گا اور خواتین کے خلاف گھر یلو تشدد کے روک تھام میں مدد ملے گی۔
صوبائی کا بینہ نے سیلاب زدہ اضلاع میں اعلان شدہ ایمرجنسی کے دوران بحالی کے لئے کئے گئے سروے کے لئے ایندھن (فیول)، ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ امور کے اخراجات کی مد میں ایکس پوسٹ فیکٹو منظوری دے دی ہے۔
کابینہ نے ریونیو اور سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نو تشکیل شدہ اپر ساؤتھ وزیر ستان کے ضلعی ہیڈ کوارٹر سپینکئی راغزئی اور لوئر ساؤتھ وزیر ستان کے ہیڈ کوارٹر وانا میں سیشن اور سول کورٹس بنانے کے لئے دونوں اضلاع میں سیشن ڈویژن اور سول ڈویژن کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔
کابینہ نے موضع میاں دم تحصیل خوازہ خیلہ ضلع سوات میں ایک کنال 7مرلے سرکاری اراضی کو گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول میاں دم سوات میں توسیع کرنے کی غرض سے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔کابینہ نے ہزارہ ڈویژن کے ضلع بٹگرام کے سب ڈویژن الائی اور مالاکنڈ ڈویژن میں دیر سینٹرل کو ضلع کا درجہ دینے کی مشروط منظوری بھی دیدی۔