پشاور:
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کرم کے علاقے بگن میں سرکاری گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور علاقے میں مکمل امن کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیراعلیٰ نے اعلی حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور کہا ہے کہ فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر اعلی نے فائرنگ کے واقعے میں ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود اور دیگر زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کرم امن معاہدے کے بعد اس طرح کے واقعے کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کرم میں امن کے لئے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ اور مذموم لیکن ناکام کوشش ہے اور یہ ان عناصر کی کارستانی ہے جو کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے لیکن صوبائی حکومت کرم میں امن کی بحالی اور عوام کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان معاہدہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کرم کے لوگ پرامن ہیں اور وہ علاقے میں امن چاہتے ہیں، کچھ شرپسند عناصر کرم میں امن کی بحالی نہیں چاہتے اور ان عناصر کی کوشیں کامیاب نہیں ہونگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اور علاقے کے لوگ مل کر ایسے شرپسند عناصر کی مذموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے، علاقے کے لوگ ان عناصر کی نشاندہی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، اس افسوسناک واقعے سے کرم میں امن کی بحالی کے لئے حکومت اور علاقہ عمائدین کی کوششیں متاثر نہیں ہونگی اور صوبائی حکومت علاقہ عمائدین کے تعاون سے علاقے میں مکمل امن کی بحالی تک کوششیں جاری رکھے گی۔