پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے بلاول زرداری کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی رکن اسمبلی نے کسی کو بھتہ نہیں دیا۔
صوبے میں دہشت گردی امپورٹڈ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث بڑھی ہے۔ بلاول زرداری خود وزارت خارجہ میں بڑے پیکج کی انٹرن شپ کے مزے لے رہے ہیں اور ہر وقت بیرونی دوروں پر ہوتے ہیں۔
اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول زرداری کے خیبرپختونخوا پر الزامات بے بنیاد اور ان کی کم علمی کا نتیجہ ہے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے کسی بھی رکن اسمبلی نے کسی کو بھتہ نہیں دیا۔ دہشتگرد بھتوں سے نہیں بلکہ امپورٹڈ حکومت کی ناقص پالیسوں کی وجہ سے مضبوط ہورہے ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کے وزراء کو غیر سنجیدہ بیان بازی کی بجائے اس طرف توجہ دینی چاہیے۔
بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بلاول کو وزارت خارجہ میں بڑے پیکج پر انٹرن شپ ملی ہے جبکہ امپورٹڈ وزیر خارجہ اس انٹرن شپ کے مزے لینے کے لیے ملک میں کم اور بیرونی دوروں پر زیادہ ہوتے ہیں۔
سیاسی نابالغ کو ملکی معاملات اور پالیسیوں کا پتہ ہی نہیں ہے۔ 'بلاول زرداری سے کوئی پوچھے کہ پاکستان کے کتنے صوبے ہیں تو ان کو پتہ نہیں ہوگا۔