متحدہ عرب امارات نے سال نو پر چار عالمی ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں اب وہاں 500 سے زائد روشن ڈرونز آسمان پر ایسے کمالات دکھا رہے ہیں جس کو دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔
سال نو پر متحدہ عرب امارات نے شاندار آتشبازی کے ذریعے 2023 کا استقبال کچھ ایسے انداز سے کیا کہ چار عالمی ریکارڈ بنا ڈالے۔ برج خلیفہ کے اطراف شاندار آتشبازی کو لوگ بھول نہ تھے کہ اب آسمان پر کمالات دکھاتے ڈرونز نے دیکھنے والوں کو مبہوت کردیا ہے اور انہیں دانتوں تلے انگلیاں دبانے پر مجبور کردیا ہے۔
یو اے ای میں دنیا کی سب سے مشہور ڈرون کمپنی اسکائے میجن نے 500 سے زائد لیزر بردار ڈرون سے آسمان کو نت نئے کمالات سے منور کر رکھا ہے۔ ان روشن ڈرون کے روزانہ دو شو منعقد کیے جاتے ہیں جو دیکھنے والوں کو شدید حیران کر رہے ہیں۔
اسکائے میجک کمپنی آسمان پر ایسا جادو جگا رہی ہے کہ اس کے روشن ڈرون آسمان پر ایسی ترتیب بناتے ہیں کہ آسمان پر تصاویر دکھائی دیتی ہیں اور ان پر تھری ڈی تصویر کا گمان ہوتا ہے۔
یہ شو دیکھنے والے عوام آسمان پر دبئی کا پرچم، اہم عمارات، کیتلی سے نکلتا مشروب، دوڑتا گھوڑا سمیت کئی ناقابل یقین مناظر کا نظارہ کرچکے ہیں۔ رنگ اور روشنیوں کا یہ دلچسپ میلہ 29 جنوری تک جاری رہے گا۔
لوگوں کو حیرت زدہ کرنے والے ان مناظر میں استعمال ہونے والے ہر ڈرون کا وزن 200 سے 500 گرام ہے۔ یہ تمام ڈرون واٹر پروف اور ہوا کے تیز جھکڑ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ کمپنی کے مطابق یہ ڈرون آتشبازی جیسا شور اور ماحول آلودہ کرنے والا کیمیکل پیدا نہیں کرتے۔
واضح رہے کہ اسکائے میجک برطانیہ اور سنگاپور کی مشترکہ کمپنی ہے جو دنیا بھر میں اپنے ڈرون کے مظاہرے کرکے داد سمیٹ چکی ہے۔ اب دبئی میں یہ وسیع کینوس پر اپنے فن کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ دلفریب مناظر سے بھرپور روزانہ اس کے دو شو ہوتے ہیں اور ہر شو 5 منٹ پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس کا ٹکٹ کم سے کم 36 ڈالر (پاکستانی لگ بھگ 8 ہزار روپے) کا ہے۔