پشاورسمیت خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
پشاور، نوشہرہ، مردان ،صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، مالاکنڈ، باجوڑ، دیر ،سوات اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
موسم سرما میں بارشوں کا نیا سسٹم خیبرپختونخوا میں داخل ہوا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کا سلسلہ جمعے کے روز تک جاری رہے گا۔
مالم جبہ، کالام، مری، گلیات اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے جس سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں، سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آرہاہے۔
پشاور کا درجہ حرارت کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 12 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ مالم جبہ میں درجہ حرارت منفی 4 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بارش اور برفباری کے پیش نظر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کےلئے اقدامات یقینی بنانے کیلئے مراسلہ جاری کیا ہے۔
مراسلے میں متعلقہ اداروں، مسافروں اور سیاحوں کیساتھ ساتھ موسمی خطرے کے علاقوں کی آبادیوں کو بڑے پیمانے پر آگاہی دینے اور باخبر رکھنے کے لئے مربوط اقدامات یقینی بنائے کی ہدایت کی گئی ہے۔