پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمودخان کا کہنا ہے کہ عمران خان کےحکم کا انتظار کر رہا ہوں، حکم ملتے ہی اسمبلی تحلیل کرنےکی ایڈوائس گورنر کو بھیج دوں گا۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلئے ہفتے کو سمری بھیجے جانے کی توقع ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کیلئے سمری گورنر پنجاب کو بھیج دی گئی ہے، سمری پر گورنر پنجاب کے دستخط کا انتظار ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہفتےکو خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلئے گورنر کو لکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ شب وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے، انہوں نے 186ووٹ حاصل کیے تھے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد سے حقیقی آزادی کی تحریک چلا رہے ہیں اور اس دوران انہوں نے بار ہا فوری الیکشن کے اعلان کے مطالبات کیے تاہم نئی حکومت نے ان کی نہ مانی۔
بالآخر عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ فوری انتخابات کا اعلان نہ ہوا تو وہ پنجاب اور کے پی اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی اور آج پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو بھیج دی گئی ہے۔