سرکاری ملازمین کی طبی بنیادوں پر ریٹائرمنٹ کیلئے نئے قواعد و ضوابط جاری

پشاور:صوبائی حکومت نے طبی بنیادوں پر قبل از وقت ریٹائر ہونیوالے ملازمین کے کیسز کا جائزہ لینے کیلئے قواعد و ضوابط طے کرلئے ہیں۔

 اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، تمام انتظامی سیکرٹریوں، ماتحت محکموں کے سربراہوں اور تمام ڈپٹی کمشنرز کے نام جاری ہونیوالے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں پہلے ہی طبی بنیادوں پر قبل از وقت ریٹائر ہونیوالے سرکاری ملازمین کے کیسز کا جائزہ لینے کیلئے تمام سرکاری محکموں اور اضلاع کی سطح پر سکروٹنی کمیٹیاں قائم کی ہیں۔

 تاہم یہ سوال سامنے آیا تھاکہ مذکورہ کیسوں کاجائزہ لینے اور کوئی بھی فیصلہ کرنے کیلئے قواعد و ضوابط کیاہونے چاہئیں جس پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ سکروٹنی کمیٹیاں سرکاری ملازمین کی جانب سے طبی بنیادوں پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ کیلئے آنے والی تمام درخواستوں کا جائزہ لیں گی۔


سکروٹنی کمیٹیاں گزشتہ 5سال کے دوران ملازمین کی جانب سے چھٹیوں کے ریکارڈ، میڈیکل بنیادوں پر لی گئی چھٹیوں کی وجوہات اور مجاز میڈیکل آفیسر کی رپورٹ اور طبی بنیادوں پر کی جانیوالی چھٹیوں کی تعداد کے علاوہ طبی بنیاد پر درخواست دینے والے سرکاری ملازمین کی جسمانی حالت کو بھی مد نظر رکھ کر ان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا جائیگا۔